کراچی؛ کورنگی میں گیس کھینچنے والی مشین پھٹنے سے ماں بیٹے سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
کراچی:
کورنگی میں گھر کے اندر سوئی گیس کھینچنے والی مشین پھٹنے سے لگنے والی آگ سے ماں اور بیٹا سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کربلا گراؤنڈ سیکٹر 44 سی میں گھر میں آگ بھڑکنے سے جھلس کر ماں اور بیٹا سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 60 سالہ نادنی بی بی زوجہ نور عالم ، بیٹا آفتاب ولد نور عالم اور 7 سالہ رحیم ولد محمود عالم کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گھر میں افطار سے کچھ دیر قبل سوئی گیس کھینچنے والی مشین پھٹنے کے باعث بھڑکنے والی آگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
واقعے میں خاتون 35 فیصد ، نوجوان 20 اور کمسن لڑکا 15 فیصد تک جھلس گیا ہے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی کی عدالت میں قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی
راولپنڈی کی عدالت میں پیشی پر آیا قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی ٹیکسلا کچہری کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیشی پر آئے ملزم قدیر سمیت پولیس کانسٹیبل عابد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل عابد نے جان پر کھیلتے ہوئے پیشی پر آئے ہوئے ملزم کو بچانے کی کوشش کی اس دوران کانسٹیبل عابد کو بھی گولی لگی، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹیکسلا پولیس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت امین شاہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے، پولیس نے موقع سے شواہد جمع کرلیے۔
پولیس کے مطابق ملزم قدیر کو 2019ء کے قتل اور ضرر کے مقدمہ میں پیشی کے لئے عدالت لایا گیا تھا۔
فائرنگ کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا اور ایس پی پوٹھوہار کو فوری انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔