سینیئر بھارتی اداکار 83 برس کی عمر میں چل بسے
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
سینیئر بھارتی اداکار اور فلمساز ایان مکھرجی کے والد دیب مکھرجی 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اور فلمساز دیب مکھرجی طویل علالت کے بعد جمعہ کی صبح ممبئی میں واقع اپنے گھر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
خاندان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ‘ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے بے حد افسوس ہو رہا ہے کہ دیب مکھرجی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیب مکھرجی کی آخری رسومات ممبئی کے علاقے جوہو میں ادا کی گئیں۔
دیب مکھرجی نے 1960 اور 1970 کی دہائی میں کئی فلموں میں معاون کردار ادا کیے، جن میں تو ہی میری زندگی، دو آنکھیں، باتوں باتوں میں، جو جیتا وہی سکندر، کنگ انکل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے 1983 میں “کراٹے” نامی فلم کی ہدایتکاری کی، جس میں متھن چکرورتی، کاجل کرن اور یوگیتا بالی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیب مکھرجی کا تعلق مشہور مکھرجی خاندان سے تھا۔ وہ فلم ساز آشوتوش گواریکر کے سسر اور معروف بالی وڈ اداکارائیں کاجول اور رانی مکھرجی کے چچا تھے۔
دیب مکھرجی کی والدہ ستی دیوی مشہور اداکار اشوک کمار، انوپ کمار اور کشور کمار کی واحد بہن تھیں۔دیب کے بھائی فلمساز شومو مکھرجی نے بالی وڈ اداکارہ تنوجا سے شادی کی جو کہ کاجول کی والدہ ہیں۔
خاندانی افراد اور قریبی دوستوں، بشمول کاجول، رانی مکھرجی، جیا بچن، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، ہریتھک روشن اور دیگر نے دیب مکھرجی کی آخری رسومات میں شرکت کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: دیب مکھرجی
پڑھیں:
عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی فلم ‘دھو بی گھاٹ’ کے بعد طویل تاخیر کیوں ہوئی؟ اداکار نے بتا دیا
عامر خان نے حال ہی میں کرن راؤ کی فلموں ‘دھو بی گھاٹ’ اور’ لاپتہ لیڈیز’ کے درمیان طویل وقفے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔
ایک انٹرویو میں اداکار و پروڈیوسر نے بتایا کہ یہ 10 سال کا وقفہ زیادہ تر ان کے بیٹے آزاد راؤ خان کی وجہ سے تھا۔ عامر خان نے کہا کہ دھو بی گھاٹ کو وہ کبھی بھی مین اسٹریم فلم نہیں سمجھتے تھے۔ ان کے مطابق، ’یہ ایک مخصوص ذوق رکھنے والے ناظرین کے لیے فلم تھی، کرن نے اسے پوری ایمانداری سے بنایا اور اسے تجارتی بنانے کی کوشش نہیں کی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ فلم نے پھر بھی کچھ کمائی کی۔
یہ بھی پڑھیے: فیصل خان کا بالی ووڈ اسٹار عامر خان پر غیر ازدواجی تعلق اور ناجائز بچے کا الزام
انہوں نے بتایا کہ کرن میں ہمیشہ ’کمرشل کوالٹی‘ موجود تھی جسے وہ استعمال نہیں کر رہی تھیں۔ ’میں نے انہیں دھو بی گھاٹ کے فوراً بعد کہا تھا کہ آپ ایک بہترین ڈائریکٹر ہیں، آپ جذبات اور اداکاری کو سمجھتی ہیں۔ آپ کو ایک ایسا موضوع لینا چاہیے جو زیادہ مین اسٹریم ہو۔‘
عامر کے مطابق اصل تاخیر ماں کے جذبے کی وجہ سے ہوئی۔ ’کرن نے فلم اس لیے نہیں بنائی کیونکہ ہمارا بیٹا آزاد ہوا تھا اور ان کا پہلا جذبہ آزاد ہی تھا۔ وہ جانتی تھیں کہ اگر فلم شروع کریں گی تو درمیان میں چھوڑنا پڑے گا، اس لیے انہوں نے اس وقت تک فلم نہیں بنائی جب تک آزاد اس عمر کو نہ پہنچ گیا کہ وہ سکون سے فلم پر کام کر سکیں۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ ‘لاپتہ لیڈیز’ کا اسکرپٹ ایک مقابلے کے ذریعے سامنے آیا۔ عامر نے بتایا کہ جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو یہ مجھے بہت کمرشل اور متاثرکن لگا۔ میں نے کرن سے کہا کہ یہ وہی ہے جس کی ہم تلاش کر رہے تھے۔
عامر خان نے کرن راؤ کی بطور ہدایتکارہ تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ دھو بی گھاٹ کو دوبارہ دیکھیں تو یاسمین کا کردار اور اس کی ویڈیوز کا ٹریک کتنا جذباتی اور پرکشش ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ایک ہدایتکار کی صلاحیت دکھاتی ہیں۔ کرن کی اصل طاقت ایمانداری ہے اور لاپتہ لیڈیز میں جتنی زیادہ ایمانداری تھی، ڈراما اتنا ہی بڑھ گیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں