فیملی پر ہوٹنگ کرنے سے منع کیوں کیا؟ نوجوان پر فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ بنی کے علاقے میں عید کے دوسرے دن فیملی پر آوازیں کسنے سے منع کرنے پر نوجوان کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق راجا وحید نے بتایا کہ فیملی کے ساتھ گھر کے پاس پہنچے تو ایک گاڑی میں کچھ اوباش نوجوان بیٹھے تھے جو میری فیملی پر ہوٹنگ کرنے لگے، میں نے اور میرے بیٹے فہد نے ان کو ایسا کرنے سے منع کیا تو وہ لڑائی جھگڑا کرنے پر اتر آئے۔
راجا وحید نے بتایا کہ میرے بیٹے فہد کے منع کرنے پر دو لڑکوں نے اسے بازوؤں سے پکڑ لیا اور تیسرے نوجوان کو کہا کہ اسے گولی مار دو تو اس نوجوان نے پسٹل نکالی اور فائرنگ شروع کر دی۔ گولی بیٹے کے پیٹ کی بائیں جانب لگی جس سے میرا بیٹا شدید زخمی ہوکر گر پڑا اور ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کیا جبکہ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیکر پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ پولیس نے تینوں ملزمان گرفتار کرلیا جن کی شناخت اسامہ، شرجیل اور واصف کے ناموں سے ہوئی۔
ایس پی راول کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، گیمنگ زون میں ڈکیتی کی واردات، 60 افراد موبائل فونز اور نقدی سے محروم
کراچی:کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں واقع گیمنگ زون میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی۔
چھ مسلح ڈاکوؤں نے گیمنگ زون میں موجود 60 سے زائد افراد کو یرغمال بناتے ہوئے موبائل فونز، نقدی چھین لی، جبکہ سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ملزمان واردات کے دوران بڑے اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کر رہے تھے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
سیکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مجھے گھسیٹ کر گیمنگ زون کے اندر لے جایا اور پھر موبائل فونز اور نقدی چھیننے کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس واردات میں کم از کم 13 افراد سے موبائل فونز چھینے اور پھر باآسانی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔