پی آئی اے نے29؍اپریل سے حج آپریشن کا اعلان کردیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT
قومی ایئرلائن 280خصوصی پروازوں کے ذریعے 56ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچائے گی
حج آپریشن29؍اپریل سے یکم جون اور بعد از حج آپریشن 12جون سے 10جولائی تک جاری رہے گا
قومی فضائی کمپنی کی جانب سے قبل از حج آپریشن کا اعلان کردیا گیا ہے ۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) نے حج 2025ء کے لیے اپنے قبل از حج آپریشن کا اعلان کر دیا ہے ، جو 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔اس دوران قومی ایئرلائن 280 خصوصی پروازوں کے ذریعے 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچائے گی۔ذرائع کے مطابق رواں سال 20 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت جب کہ 36 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے سفر کریں گے ۔ عازمین کی روانگی کے لیے بوئنگ 777 اور ائربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ سفر کو زیادہ آرام دہ اور منظم بنایا جا سکے ۔پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 12 جون سے شروع ہوگا جو 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران واپس آنے والے عازمین حج کو وطن پہنچانے کے لیے فلائٹس کا مربوط نظام ترتیب دیا گیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام پروازیں وقت پر اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور عازمین حج کو کسی بھی زحمت سے بچانے کے پیش نظر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
ملالہ یوسف زئی کا پاکستان میں سیلاب متاثرہ طلبہ کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر امداد کا اعلان
نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد تعلیم کے شعبے میں بحالی کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ادارہ تعلیم و آگاہی کے لیے 2 لاکھ ڈالر اور ماؤنٹین انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کے لیے 30 ہزار ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔
ملالہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب نے ہزاروں اسکولوں کو تباہ کر دیا ہے اور مقامی کمیونٹیز کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد، تعاون اور بحالی کا ہے۔
“ہمیں ایک ہو کر نہ صرف امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے، بلکہ اسکولوں کی تعمیرِ نو اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے،” ملالہ کا کہنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی بنیاد ہے اور قدرتی آفات کے باوجود ہمیں یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہر بچہ، خاص طور پر ہر بچی، اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔
ملالہ فنڈ کی جانب سے دی جانے والی یہ امداد متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بحالی اور بچوں کی دوبارہ اسکول واپسی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Post Views: 6