وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری سے ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل آلمپارسلان بیئریکٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترک وزیر توانائی نے ترکیہ میں بجلی کے تقسیم کار نظام کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے موجودہ خدوخال سے متعلق آگاہ کیا ۔
انہوں نے ترک کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں جاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں دلچسپی اور ترکیہ میں رواں سال روڈ شو کرنے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ سردار اویس لغاری نے ترک وزیر توانائی کا ترکیہ کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے تکنیکی نکات بارے تفصیلی بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔(جاری ہے)
انہوں نے وفد کو پاکستان میں جاری نجکاری کے عمل بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نجکاری کے عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کیلئے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کردی گئی ہے جن کی طرف سے اس سال جولائی تک جامع تجاویز آنے کے امکانات ہیں ،اس ضمن میں کئی روڈ شو بھی پلان کئے جائیں گے جس میں ترکیہ بھی شامل ہے ۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں نئے منصوبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ترک وزیر نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تکنیکی مہارت اور سرمایہ کاری فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ترک وزیر توانائی کے عمل
پڑھیں:
ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کومصنوعی ذہانت پر مبنی وسائل تک ذاتی رسائی فراہم کرے گا، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام سے یونیسف کی نمائندہ کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کومصنوعی ذہانت پر مبنی وسائل تک ذاتی رسائی فراہم کرے گا، حکومت پاکستان تعلیمی نظام میں اصلاحات کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں سے وزیراعظم آفس میں یونیسف کی نمائندہ مس پینیلے آئرنسائیڈ نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے اور رضاکارانہ کام کو فروغ دینے کے لیے اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مس آئرنسائیڈ نے ڈیجیٹل یوتھ ہب، پاکستان کے تعلیمی نظام اورقومی رضا کارکورپ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔(جاری ہے)
یونیسف کی نمائندہ مس آئرنسائیڈ نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ ہب اور قومی رضا کار کورپ کی حمایت کرتے ہوئے ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کے تعلیمی نظام میں اہم اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت پر مبنی وسائل تک ذاتی رسائی فراہم کرے گا، ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت پاکستان تعلیمی نظام میں اصلاحات کے لیے اقدامات کر رہی ہے،نیا تعلیمی نظام نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرے گا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ قومی رضا کار کورپ کے ذریعے 20 لاکھ رضاکاروں کو تربیت دی جائے گی، قومی رضاکار کور پ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سماجی تبدیلی لانے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔