پاکستان کے عثمان وزیر نے بھارتی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ڈھیر کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 24th, April 2025 GMT
عالمی یوتھ چیمپئین پاکستان کے عثمان وزیر نے اپنی 16ویں پروفیشنل فائٹ میں بھارتی حریف کو پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے ورلڈ سائم اسٹیڈیم میں ہونے والی فائٹ میں 25 سالہ پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے بھارت کے ایسوارن ساھیتا دورتھی کو ایک منٹ 25 سیکنڈ میں ہی ڈھیر کردیا۔
عثمان وزیر اب تک اپنے تمام 16 پروفیشنل مقابلے جیت کر ناقابل شکست ہیں۔ 11 فائٹس میں عثمان وزیر نے ناک آوٹ کی بنیاد پر کامیابیاں حاصل کیں۔
گزشتہ ستمبر میں بنکاک ہی میں عثمان وزیر نے بھارتی باکسر کو پہلے ہی راونڈ میں 65 ویں سیکنڈ میں ناک آوٹ کر کے عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
عثمان وزیر سندھ پولیس کےاسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے خیرسگالی سفیر بھی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عالمی برادری خطے میں بھارتی جارحیت اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا نوٹس لے، سیکریٹری خارجہ
اسلام آباد:سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے عالمی برادری پر خطے میں بھارتی جارحیت اور غیرذمہ دارانہ اقدامات کا نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے بھارت کی کسی بھی مہم کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور سفارتی نمائندوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پہلگام حملے کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ نے سفارت کاروں کو پہلگام حملے کے بعد ابھرتی ہوئی صورتحال اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے سفارت کاروں کوآگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی غلط معلومات کی مہم کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ بھارت کے اس طرح کے ہتھکنڈے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے کشیدگی بڑھانے کی بھارتی کوششوں کے خلاف خبردار کیا اور کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کی تصدیق کی۔
سیکریٹری خارجہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں اور مشاہدات سے سفیروں کو آگاہ کیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری گمراہ کن پراپیگنڈہ مہم کو سختی سے مسترد کر دیا۔
آمنہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس حوالے سے اس کا مؤقف ہمیشہ دوٹوک رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں بھارتی جارحیت اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا نوٹس لے۔