مہنگائی کم، مثبت اشاریے، پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن: وزیر خزانہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں ملاقاتیں جاری ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے موڈیز کی ٹیم کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف – عالمی بینک بہاریہ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں موڈیز کی ٹیم سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے حکومت کے سٹرکچرل ریفارمز ایجنڈے پر پیش رفت سے آگاہ کیا، جو پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر چکا ہے۔ انہوں نے مہنگائی میں کمی، کرنٹ اکاؤنٹ اور پرائمری بیلنس میں فاضل، مستحکم شرح مبادلہ، اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے جیسے مثبت اقتصادی اشاریوں پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف – ورلڈ بینک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں فِچ ریٹنگز کی ٹیم سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ کو CCC+ سے B- میں بہتری پر فِچ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتری ملکی معاشی صورتحال میں بہتری اور مالیاتی نظم و ضبط کی عکاس ہے، اور اس سے پاکستان کے عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کی راہ ہموار ہو گی۔ ملاقات کے دوران فِچ ٹیم کی جانب سے ٹیرف اصلاحات، ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں بہتری اور محصولات میں اضافے سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف- ورلڈ بینک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر سٹی بینک کے وفد سے ملاقات کی۔ جس کی قیادت جارجی یوردانوف، ہیڈ آف مڈل ایسٹ، پاکستان اینڈ افریقہ نے کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سٹی بینک کی طویل مدتی وابستگی اور مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے ریٹنگ میں حالیہ بہتری سے آگاہ کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے۔
کاروبار کے دوران بازار حصص کے 100 انڈیکس میں 513 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار 144پر آگیا۔
آج اب تک کے کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 61 ہزار 892 کی نچلی سطح تک آیا جبکہ ایک لاکھ 62 ہزار 844 کی بلندی تک بھی گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 61 ہزار 631 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔