غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوششوں میں معمولی پیشرفت ہوئی ہے، قطری وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
DOHA:
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ غزہ میں نئی جنگ بندی کی کوششوں میں معمولی پیش رفت ہوئی ہے لیکن اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ بدستور غیرواضح ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ہونے والی ملاقاتوں کے مقابلے میں آخری ملاقات میں معمولی پیش رفت دیکھی ہے لیکن ابھی ہمیں اس حوالے سے حتمی فیصلے تک پہنچنا ہے کہ جنگ کا خاتمہ کیسے ہو کیونکہ یہی پورے مذاکرات کا بنیادی نکتہ ہے۔
قطری وزیراعظم نے حالیہ مذاکرات میں کن پہلوؤں پر پیش رفت ہوئی ہے، اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا لیکن ان کا کہنا تھا کہ حماس اور اسرائیل دونوں کے درمیان مذاکرات کے اصل مقصد پر بدستور اختلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس تمام اسرائیلی قیدیوں کو واپس کرنے کے لیے تیار ہے اگر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ ختم کردی جائے لیکن اسرائیل چاہتا ہے کہ جنگ کے خاتمے سے متعلق بغیر کسی وضاحت کے حماس تمام قیدیوں کو رہا کردے۔
قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان نے دوحہ میں ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان کے ہمرہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جب فریقین کے درمیان مشترکہ اہداف اور مقاصد نہ ہو تو پھر کامیابی کے مواقع بہت کم ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں دونوں فریقین کے درمیان رواں برس 19 جنوری سے 17 مارچ تک جنگ بندی ہوئی تھی اور اسرائیل کے 33 قیدیوں کو رہا کردیا گیا، جن میں ہلاک ہونے والے 8 افراد بھی شامل تھے، اس کے بدلے میں اسرائیل نے ایک ہزار 800 فلسطینیوں کو اپنی جیلوں سے رہا کردیا تھا۔
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں 18 مارچ سے اب تک دو ہزار 62 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 51 ہزار 439 سے تجاوز کرگئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے درمیان
پڑھیں:
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ بندی مذاکرات کیلئے تیار ہوگئے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ثالثی کے نتیجے میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی قیادت تین روز تک لڑائی کے بعد جنگ بندی کے لیے فوری کام شروع کرنے کے لیے ملنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے رہنماؤں نے امن کے لیے ان کی کوششوں پر تین روز تک سرحد میں لڑائی کے بعد فوری مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوںے کمبوڈیا کے وزیراعظم ہون مینیٹ اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم پھومتھام ویچایاچائے سے بات کی ہے اور انہیں خبردار کیا کہ اگر سرحدی تنازع جا رہا تو وہ کسی کے ساتھ بھی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین فوری طور پر جنگ بندی اور امن کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم پھومتھام ویچایاچائے نے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تھائی لینڈ نے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے کہ جنگ بندی ہوجائے لیکن کمبوڈیا کی طرف سے سنجیدہ ارادے نظر آنے چاہئیں۔
تھائی وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کو کہا ہے وہ کمبوڈیا کو آگاہ کردیں کہ تھائی لینڈ جتنا ممکن ہو سکے جلدی جنگ بندی کے لیے اقدامات اور حکمت عملی اور تنازع کے ممکنہ پرامن حل کے لیے دو طرفہ مذاکرات چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تین روز قبل شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 30 سے زائد شہری مارے گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
تھائی لینڈ کے حکام کے مطابق اب تک ان کے 7 فوجی اور 13 شہری ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کمبوڈیا کا کہنا ہے کہ ان کے 5 فوجی اور 8 شہری مارے گئے ہیں۔