ملک بھر میں موسم خوشگوار ہونے کی نوید؛ آج سے بارشیں ہونے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اسلام آباد:
محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر کا موسم خوشگوار ہونے کی نوید سنائی ہے اور پیش گوئی کی ہے کہ بیشتر علاقوں میں بارشیں شروع ہوں گی۔
چھوٹے بڑے شہروں سمیت ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر کے بعد آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ماہرین نے لکی مروت، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور اور صوابی کے علاقوں میں بھی ژالہ باری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح مردان، کرم، ڈی آئی خان اور بنوں میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔
اُدھر پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہا الدین میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں بھی موسم کی یہی کیفیت رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت لاہور، نارووال، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں ژالہ باری اور بارش متوقع ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ژالہ باری اور بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے علاقوں سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔
دیگر صوبوں کی طح بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ میں شام یا رات کے وقت بارش متوقع ہے۔ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پشاور، بنوں اور دیگر میدانی علاقوں میں گرد و غبار کے طوفان کا بھی امکان ہے جب کہ کئی علاقوں میں ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پشاور کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 43، بنوں میں 42 جب کہ مردان اور تخت بھائی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
بالائی علاقوں میں کالام میں درجہ حرارت 30، مالم جبہ 27، چترال 35، دیر اور دیر لوئر میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بارش کا امکان کا امکان ہے علاقوں میں ژالہ باری متوقع ہے میں بھی
پڑھیں:
ملک میں 3اگست تک شدید بارشوں کا امکان، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
اسلام آباد:این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر نے 3 اگست تک موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات پر الرٹ جاری کر دیا۔
ملک کے مختلف علاقوں میں شہری سیلاب، ندی نالوں میں ظغیانی سمیت گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں کے لیے گلیشائی جھیلوں کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب اور نارووال میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ بین، بسنتَر اور ڈِیگ نالوں کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے باعث شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں میں اگلے 12 تا 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے سبب نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور اور چارسدہ میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے۔
گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔
بادسوات، ہنارچی، ترسات، ہندور، درکوٹ، اشکومن، ششپر، ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، ارکاری کے علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں۔