صوابی میں کارروائی: بدعنوانی میں ملوث تحصیل دار اور پٹواری گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے صوابی میں کارروائی کرتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث تحصیل دار اور پٹواری کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزمان سرکاری اراضی کو جعلی انتقالات کے ذریعے غیرقانونی طور پر غیرتجارتی بنانے اور ٹیکس کی مد میں خزانے کو چھ ملین روپے کے نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے۔
شکایات اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مصدّق عباسی کی زیرصدارت ماہانہ کھلی کچہری میں موصول ہوئی تھیں۔ ضلع صوابی کے سرکاری اہلکاروں پر تجارتی اراضی کو غیرتجارتی قرار دے کر ٹیکس چوری اور بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تفتیش کے دوران ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ ملزمان نے جعلی انتقالات کے ذریعے زمین کی درجہ بندی تبدیل کر کے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ایف آئی آر زیر دفعات 409، 419، 420، 471 پی پی سی اور 5(2) پی سی ایکٹ کے تحت درج کی۔ گرفتار شدگان میں تحصیل دار رزڑ صوابی عصمت اللہ وزیر اور پٹواری ارشد شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان گرداور سرکل شیر سِل، نقاش علی اور امتیاز علی کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
صوابی: ٹک ٹاک پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کرنے والا لڑکا گرفتار
صوابی:پولیس نے ٹک ٹاک پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کرنے والا ملزم عرف مٹرو کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ضلعی پولیس صوابی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک غیر اخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکے کو غیراخلاقی فعل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اس واقعے پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ اور افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ کالوخان عبدالولی خان نے وائرل ویڈیو پر فوری ایکشن لیا اور پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم اصغر عرف مٹرو کینگ سکنہ بندو اوبہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایسے غیر اخلاقی اور معاشرتی اقدار کے منافی اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر صوابی ضیا الدین احمد نے کہا کہ صوابی پولیس ایسے عناصر کو سختی سے کچلے گی جو معاشرتی اقدار، مذہبی اور انسانی اصولوں کے خلاف غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس افسر نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والوں کی نشان دہی کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔