کراچی کا ٹریفک مسئلہ، مرتضیٰ وہاب نے حنیف عباسی کو خط لکھ دیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان ریلوے کی اراضی پر پارکنگ پلازہ بنانے کی درخواست کردی۔
مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو اس حوالے سے خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ ریلوے اراضی پر پارکنگ پلازے بناکر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
خط میں میئر کراچی نے کہا کہ اسٹاک ایکس چینج کے قریب اراضی پارکنگ کے لیے موزوں ہے، سٹی اسٹیشن کے سامنے ریلوے گراؤنڈ پارکنگ میں تبدیل ہو۔
مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر ریلوے کو خط کے ذریعے بتایا کہ غیر منظم پارکنگ سے ٹریفک بدترین صورتحال میں داخل ہوچکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہ سرگرمیوں سے دباؤ مزید بڑھےگا، جس کا حل پارکنگ پلازے ہیں، ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے ریلوے اراضی کا استعمال ضروری ہے۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ پارکنگ مسائل کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ بن چکے ہیں، ریلوے قیادت نئے وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: وہاب نے
پڑھیں:
کراچی کے حالات کشیدہ، واٹر ٹینکر حادثے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن نے سپر ہائی وے بند کر دی
کراچی:کراچی کے فیڈرل بی ایریا میں گزشتہ رات واٹر ٹینکر کی ٹکر سے بھائی اور بہن کی ہلاکت اور ان کے والد کے زخمی ہونے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپرز کو نذرِ آتش کر دیا، جس پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود کا شدید احتجاج سامنے آیا۔
رہنما کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی صبح سے رات 10 بجے تک ڈمپرز پر پابندی پہلے ہی نقصان دہ ہے اب مطالبہ کر رہے ہیں کہ ڈمپرز پر مکمل پابندی لگا دی جائے۔
لیاقت محسود نے الزام لگایا کہ شرپسندوں نے ہماری گاڑیاں جلائیں، اب ہم تمام پوائنٹس بند کر رہے ہیں اور سڑکیں بلاک کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے کو مکمل بلاک کیا جا رہا ہے، جبکہ سہراب گوٹھ سے ٹھٹہ روڈ تک ٹریفک معطل رہے گی۔
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر ڈرائیور فردوس خان اور واقعے میں ملوث 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔
شہر کے اہم راستوں پر دھرنے اور روڈ بلاکس کے باعث ٹریفک کا نظام مفلوج ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ صورتحال تیزی سے کشیدہ ہو رہی ہے۔