براڈ پٹ کی ایکشن تھرلر فلم ایف 1 کا سنسنی خیز ٹریلر جاری، کب ریلیز ہوگی؟
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
ہالی ووڈ اداکار براڈ پٹ کی ایکشن تھرلر فلم "ایف 1" کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا۔
براڈ پٹ کی نئی ایکشن سے بھرپور ریسنگ فلم ’ایف 1‘ کا ٹریلر یوٹیوب پر جاری کر دیا گیا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم 27 جون 2025 کو عالمی سطح پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جب کہ کچھ ممالک میں اسے 25 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔
یہ فلم فارمولہ ون کے سات مرتبہ عالمی چیمپیئن لیوس ہیملٹن، جیری بروک ہائمر، جوزف کوسنسکی، براڈ پٹ اور دیگر پروڈیوسرز کی مشترکہ کاوش ہے۔
فلم میں براڈ پٹ ایف 1 کے تجربہ کار ڈرائیور سونی ہیز کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو 1990 کی دہائی میں ایک حادثے کے بعد ایف 1 سے ریٹائر ہو گیا تھا۔ فلم کی کہانی اس وقت کے گرد گھومتی ہے جب ہیز کو ایک بار پھر ٹیم کی مدد کے لیے واپس بلایا جاتا ہے۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں حقیقی ایف 1 لمحات شامل کیے گئے ہیں، جن میں براڈ پٹ کی سلور اسٹون گرینڈ پریکس تقریب میں حقیقی ڈرائیورز کے ساتھ موجودگی بھی شامل ہے۔ شائقین فلم کی حقیقی عکاسی اور ویژیول ایفیکٹس سے بہت متاثر دکھائی دے رہے ہیں اور اس کی ریلیز کا بےصبری سے اتنظار کر رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔