فوجی عدالتوں کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج، سزائیں درست قرار
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ کی سزائیں درست قرار دیتے ہوئے سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا ملٹری کورٹ نے ملزمان کو سزائیں قانون کے مطابق دی ہیں، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے مجسٹریٹ کے سامنے اقبال جرم کیا، جس پر ملٹری کورٹ نے ایک ملزم کو عمر قید، ایک کو 20 سال اور ایک کو 16 سال قید کی سزا دی، ملٹری کورٹ نے تمام تقاضے پورے کیے ملزمان کو اپیل کا حق اور مرضی کا وکیل بھی دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے 21 مارچ 2025ء کو پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ سے سزاؤں کے خلاف 29 درخواستیں خارج کرتے ہوئے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر مختصر فیصلہ سنایا تھا، سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنا اللہ اور عدالتی معاون پیش ہوئے تھے، ایڈیشل اٹارنی جنرل ثنا اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ملٹری کورٹ سزائیں خصوصی قانون کے تحت دی گئیں، سزاؤں میں 382 بی کا فائدہ ملزمان کو نہیں دیا جاتا، گرفتار ملزمان دہشت گرد ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں۔(جاری ہے)
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ سپیشل قوانین کے تحت سزاؤں میں ملزمان کو 382 بی کا فائدہ نہیں مل سکتا، سزائیں اسی وقت شمار ہوں گی جس وقت ان ملزمان کی سزاؤں پر دستخط ہو، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے سزائیں خصوصی قانون کے دائرہ میں آتی ہیں، ملٹری کورٹ قوانین میں ہائیکورٹ صرف دیکھتی ہے سزا متعلقہ سیکشن کے تحت ہیں یا نہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 7 مئی 2025ء کو سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹرائل کو درست قرار دیا تھا، سپریم کورٹ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی تھی، اپیلوں کے حق میں جسٹس امین الدین، جسٹس محمد علی مظہر جسٹس شاہد بلال، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس حسن رضوی نے فیصلہ دیا جب کہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان نے فیصلے سے اختلاف کیا، اپنے فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے آرمی ایکٹ کی 2 ڈی ون اور ٹو، شق 59 (4) کو بحال کرتے ہوئے وزارت دفاع سمیت دیگر اپیلوں کو منظور کرلیا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ملٹری کورٹ ملزمان کو کورٹ نے
پڑھیں:
جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کردی
جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون کی ڈگری منسوخ کر تے ہوئے ان پر 3 سال کی پابندی عائد کردی ۔
جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون کی ڈگری منسوخ کردی اور یونیورسٹی کے رجسٹرار عمران احمد صدیقی کی جانب سے ڈگری کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔
جامعہ کراچی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان فیئر مینز کمیٹی نے غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرنے پر تین سال داخلے اور امتحانات پر پابندی بھی عائد کی۔
جامعہ کراچی سنڈیکیٹ اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں اسسٹنٹ رجسٹرار سیٹلمنٹ نے طارق محمود جہانگیری کی ڈگری جعلی قرار دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ طارق محمود جہانگیری کبھی بھی اسلامیہ لا کالج کراچی کے طالب علم نہیں تھے، ان کا انرولمنٹ نمبر 7124/87 منسوخ کیا گیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوکر مؤقف اختیار کیا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ایک ہائی کورٹ کا جج ملزم کی طرح کٹہرے میں کھڑا ہے، انہیں کراچی یونیورسٹی کی جانب سے کبھی کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
جسٹس جہانگیری نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی ڈگری بالکل درست ہے اور انہوں نے ذاتی طور پر امتحانات دیے تھے، 34 سالہ خدمات کے دوران ان پر کبھی کرپشن کا الزام نہیں لگا۔
یہ مقدمہ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سنا، جس میں جسٹس سمن رفاعت، جسٹس کے کے آغا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور جامعہ کراچی کے وکیل موجود تھے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود جسٹس طارق محمود کی پروفائل کے مطابق اُنہوں نے قانون کی ڈگری کراچی یونیورسٹی سے الحاق شدہ اسلامیہ لا کالج سے 1991 میں حاصل کی تھی۔
جسٹس جہانگیری اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان 6 ججز میں شامل تھے جنہوں نے گزشہ برس مارچ میں سپریم جوڈیشل کونسل کو ایک مشترکہ خط لکھ کر عدالتی امور میں خفیہ ایجنسیوں بالخصوص آئی ایس آئی کی مداخلت کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے خفیہ اداروں کے خلاف لکھے جانے والے خط کے بعد جامعہ کراچی میں ایک شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں آئین کے آرٹیکل 19 اور سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 کے تحت جسٹس طارق محمود جہانگیری کا تعلیمی ریکارڈ حاصل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
جسٹس جہانگیری اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس تین رکنی بینچ کا حصہ تھے، جس نے کاغذاتِ نامزدگی میں ٹیریان وائٹ کو اپنی بیٹی ظاہر نہ کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو نا اہل قرار دینے کی درخواست مسترد کی تھی۔