قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ، انونسیبلز اور اسٹرائیکرز کی کامیابی
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے چھٹے مرحلہ میں انونسیبلز اور اسٹرائیکرز نے کامیابی کو گلے لگا لیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں انونسیبلزنے کانکررز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔کانکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 107 رنز بنائے۔
کپتان فاطمہ ثنا نے بہترین فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 41 رنز اسکور کیے۔ نیہا شرمین نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں انونسیبلز نے 16 ویں اوور میں دو وکٹیں کھوکر ہدف پالیا۔عائشہ ظفر 8 چوکوں کی مدد سے 47 رنز جوڑے عمیمہ سہیل 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز کا اضافہ کیا۔ نیہا شرمین پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
اوول اکیڈمی گراؤنڈ میں اسٹرائیکرزنے اسٹارز کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر97 رنز اسکور کیے، طوبیٰ حسن نے 30 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔ عائشہ بلال اور انعم امین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹرائیکرز نے 13 ویں اوورمیں ایک وکٹ گنوا کر ہدف پالیا۔گل فیروزہ 37 اور ایمان فاطمہ 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں،نورین یعقوب نے 28 رنز بنائے اورپلیئرآف دی میچ قرار پائیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت، بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی کو قوم کی فتح قرار
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے “معرکہ حق” کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے 5 اور پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں نے قربانی کی عظیم مثال قائم کی۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ملک کا دفاع کامیابی سے کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ افواجِ پاکستان نے اپنے عزم اور جذبے سے دشمن کی عددی برتری اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔
بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور ریاست ان کی بھرپور کفالت کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ شہداء پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
“آپریشن بنیان المرصوص” کو بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب قرار دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے۔
وزیرِ اعظم نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن قوم ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور “بنیان المرصوص” اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Post Views: 6