برطانوی وزیر خارجہ آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی وفد کے ہمراہ آج 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے دورہ پاکستان کو غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے اور ان کے اس دورے کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ اپنے دو روزہ مصروفیات کا آغاز آج (جمعہ) کریں گے۔ اسلام آباد پہنچنے پر دفتر خارجہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے حکام ان کا استقبال کریں گے، برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی کی اسلام آباد میں آج کی ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دوطرفہ مذاکرات بھی شامل ہیں۔
Post Views: 3.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: برطانوی وزیر خارجہ
پڑھیں:
اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو بھارتی بلااشتعال اور جارحانہ کارروائیوں سے آگاہ کردیا
اسلام آباد:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کے موقف سے اگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال، بالخصوص پاک بھارت جنگ بندی پر تفصیلی بات چیت کی۔
نائب وزیراعظم نے برطانوی سیکرٹری خارجہ کو بھارت کی بلااشتعال اور جارحانہ کارروائیوں سے آگاہ کیا اور بھارتی کارروائیوں کو پاکستان کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ چارٹر اور بین الریاستی تعلقات کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لئے پاکستان کے ردعمل کو محدود، عین نشانے پر اور متناسب رکھا گیا۔ نائب وزیراعظم نے کشیدگی کم کرنے میں برطانیہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ فریقین نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تحمل اور مستقل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان برطانیہ دو طرفہ تعلقات پر بھی وسیع بات چیت کی تجارت، معاشی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے تعلیم، صحت اور موسمیاتی مزاحمت کے شعبوں میں برطانیہ کی قیمتی معاونت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہرایا۔