اسلام آباد: منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ رابطہ، دو پولیس اہلکار برطرف
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ رابطوں پر دو پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے بتایا کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ رابطوں پر دو اہلکاروں کو برخاست کردیا گیا، جن میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر اظہر محمود اور کانسٹیبل خالد محمود شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قتل کے مقدمے کی تفتیش کے دوران دونوں اہلکار قتل میں ملوث ملزم اور بدنام زمانہ منشیات فروش سے ٹیلی فونک رابطے میں تھے، برخاست اہلکار اشتیاق عباسی کے قتل میں ملوث ملزم عامر عرف عامری سے رابطہ میں تھے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو انکوائری میں قصوروار پائے جانے پر سزائیں سنائی گئیں، اختیارات سے تجاوز، محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاروں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن، ناقص کارکردگی، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی پر سخت محکمانہ سزائیں ہوں گی، تمام افسران اور اہلکار اپنی کمرکس لیں اور پوری ایمان داری سے فرائض سرانجام دیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسلام آباد
پڑھیں:
چارسدہ، پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، اہلکار کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلرز ہلاک
چارسدہ:خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ سٹی پولیس اور سی ٹی ڈی مردان ریجن نے مشترکہ کارروائی کے دوران غنی خان روڈ پر پولیس اہلکار کو شہید کرنے والے مطلوب ٹارگٹ کلرز کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاری اسماعیل اور حمزہ ساکنان کچے کونر تحصیل درگئی میں اپنے رشتہ داروں کے گھر آئے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر سی ٹی ڈی کے ہمراہ علاقے ڈھب بانڈہ میں ناکہ بندی کی اور اسی دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے بھی اپنی حفاظت کے پیش نظر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ موقع سے دو عدد پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، ابتدائی شناخت کے مطابق دونوں ہلاک شدگان نے 30 اپریل کو غنی خان روڈ پر ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پولیس اہلکار فاروق پر حملہ کر کے شہید کیا تھا جب کہ ساتھ موجود ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا ملازم زخمی ہوا تھا۔
کارروائی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک شدہ ٹارگٹ کلرز کا مکمل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔