اسلام آباد میں قوانین سخت؛ ٹریفک کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے، گاڑی تھانے منتقل ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین مزید سخت کردیے گئے، جن کے تحت خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے ساتھ گاڑی بھی تھانے منتقل کی جائے گی۔
کیپٹل پولیس نے خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے نئی اور سخت حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب بلا تفریق فوری کارروائی کی جائے گی۔
نئی پالیسی کے تحت بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر پرمٹ، کم عمر ڈرائیورز، لین وائلیشن، ون ویلنگ اور اوور لوڈنگ پر نہ صرف بھاری جرمانے عائد ہوں گے بلکہ گاڑی کو موقع پر ہی تھانے منتقل کر دیا جائے گا۔
سی ٹی او کے مطابق قوانین سب کے لیے یکساں ہیں۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ، کم عمر افراد کے گاڑی چلانے جیسے خطرناک عوامل برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کی جان و مال کو بھی خطرے سے بچایا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی نرمی نہ برتی جائے اور ہر کیس پر موقع پر فوری ایکشن لیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لانا ہے۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ شہری قانون کا احترام کریں اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ یہ مہم کسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے بغیر جاری رہے گی اور کسی کو چھوٹ نہیں ملے گی۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
ای چالان کو سکھر، لاڑکانہ حیدر آباد و دیگر شہروں میں بھی نافذ کیا جائے، شاداب نقشبندی
سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ ای چالان کے ذریعے بھاری جرمانے عوام پر زیادتی ہوگی، ایک ہی ملک میں ٹریفک قوانین پر جرمانے عائد کرنے کے طریقے الگ مناسب عمل نہیں ہے، پورے ملک میں ٹریفک نظام اور جرمانوں کا طریقی کار ایک جیسا ہونا چاہیئے۔ اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی بجائے ای چالان نے مشکلات میں مبتلا کردیا ہے، ای چالان کے ذریعے بھاری بھرکم چالان عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کررہا ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی و بے روزگاری سے پریشان ہیں ایسی صورت میں ای چالان کو بھاری بھرکم رقم وصول کرنے کیلئے مسلط کرنا افسوسناک ہے، قوانین کی پاسداری اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدید نظام متعارف کرانا اچھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ای چالان کے ذریعے گاڑیوں و موٹر سائیکل کے چالان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ کیا حکومت چاہتی ہے غریب عوام اب موٹر سائیکل چلانا بھی بند کردیں، حکمران عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو ایسے حالات بھی پیدا نہ کریں جس سے وہ مزید مشکلات میں مبتلا ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان کے مخالف نہیں اور ٹریفک کا نظام بھی بہتر چاہتے ہیں، حکومت عوام دوست پالیسی بنائے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کے مخالف نہیں مگر ہزاروں میں نہ کیا جائے، نارمل چالان کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام با آسانی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ ادا کرسکیں، ای چالان کو سکھر، لاڑکانہ حیدر آباد و دیگر شہروں میں بھی نافذ کیا جائے۔