آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا میں بارشیں اور ژالہ باری؛ خاتون جاں بحق، متعدد لا پتہ، کئی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ پشاور کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گرنے تین افراد زخمی ہوئے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب اور کے پی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کا طوفان آیا۔
ملک کے بیشترمیں شہروں میں شدید گرمی کے بعد بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ، بعض علاقوں میں آندھی، طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ، خاتون جاں بحق، متعدد افراد لاپتہ
مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ مگری مالی اور لیسوا کے علاقوں میں ہوا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ خاتون کی لاش ملبے سے نکال لی، جب کہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے باعث چار مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کوئیک رسپانس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی آپریشن جاری ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، مانسہرہ، شانگلہ، باڑہ، لنڈی کوتل، بالاکوٹ اور وادیٔ کاغان میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پشاور کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
سوات کے علاقوں مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ شانگلہ کے الپوری اور گردونواح میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
ہری پورکی تینوں تحصیلوں میں تیز آندھی اور طوفان ہلکی بارش ، تیزی اندھی سے درخت اوربجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔
ایبٹ آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم ندی نالوں میں طغیانی سے مانسہرہ روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
ملکہ کوہسار مری میں بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا ہے۔ شدید بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گردونواح میں یکم جون تک بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں تیز جھکڑ کے باعث درخت گر گئے، نیشنل پریس کلب میں ایک بڑا بل بورڈ آ گرا۔ جس کے بعد ڈی سی اسلام آباد نے تمام بڑے بل بورڈز فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کے طوفان نے نظام زندگی متاثر کیا۔
ادھر کوہستان کے علاقے لوئر کوہستان میں شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے۔
کھیدر نالہ، نالہ جیجال بازار اور آبشار نالہ کے مقامات پر شدید مٹی کے تودے گرنے سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ڈی پی او کوہستان نے تمام تھانوں اور چوکیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، اور سیاحوں و مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اور ژالہ باری خاتون جاں بحق علاقوں میں کے مطابق کا سلسلہ جاری ہے کے باعث ہو گیا ا ندھی
پڑھیں:
تیز آندھی،موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات نے نیا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، اندرون سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج شام سے آندھی چلنے اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔ اس سلسلے میں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ گزشتہ روز ملک کے گرم ترین مقامات میں جیکب آباد، تربت اور سبی شامل رہے جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گرمی کی یہ شدت معمول سے زیادہ ہے جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ ادھر کوٹری میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جن میں دو افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہو گئے۔ حیدرآباد، جامشورو سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ضرور آئی لیکن بعض مقامات پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں۔