ایٹمی طاقت بننے کا کریڈٹ میاں نواز شریف کو جاتا ہے: ملک یونس
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
—جنگ فوٹو
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔
مسلم لیگ ن جاپان کے زیرِ اہتمام یومِ تکبیر کی مناسبت سے ایک پُروقار اور جذبۂ حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس تھے، جنہوں نے یومِ تکبیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔
ملک یونس نے کہا کہ بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 کامیاب دھماکے کر کے ایٹمی طاقت کے میدان میں برابری حاصل کی، جس کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے، جنہوں نے عالمی دباؤ اور اربوں ڈالرز کی پیشکش کو رد کرتے ہوئے قوم و ملک کے مفاد کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایٹمی صلاحیت کی بدولت بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے قابل ہے اور حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت لائن آف کنٹرول عبور نہ کر سکا، اس کامیابی پر ہم اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان (مرحوم) اور اُن کی سائنسدانوں کی ٹیم کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا، اس کے ساتھ ساتھ سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔
تقریب سے ن لیگ جاپان کے جنرل سیکریٹری شمس بٹ، سینئر نائب صدر قدیر مغل، چوہدری انصر گجر، مرزا اکرم، شہزاد بٹ، قمر سوزوکی، سکندر پسیہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے یومِِ تکبیر کو پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع، ترقی اور خوش حالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
آخر میں یومِ تکبیر کا کیک کاٹا گیا اور حاضرین نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر تقریب کا اختتام کیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ایٹمی طاقت جاپان کے ملک یونس جنہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی
برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دیدی سائز ویل سی منصوبے کی تعمیر پر 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت آئے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت سے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی سائزویل سی کے نام سے بنایا جانے والا یہ منصوبہ مشرقی انگلینڈ کے علاقے سفوک میں قائم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق سائزویل سی منصوبے سے 6 ملین گھروں کو بجلی فراہم کی جا سکے گی جبکہ اس منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔
سائزویل سی منصوبہ ابتدائی طور پر ای ڈی ایف اور چینی کمپنی نے پیش کیا تھا اور اس وقت اس کی لاگت 20 ارب پاؤنڈ تھی۔ حکومت نے تسلیم کیا کہ منصوبے کی لاگت تقریباً دگنی ہو کر 38 ارب پاؤنڈ ہو چکی ہے۔
برطانیہ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود 2022 میں چینی فرم کے حصص کو خرید لیا تھا اور تنقید کے باوجود اس منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ برطانوی حکومت 44.9 فیصد کے ساتھ منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کار ہوگی۔
اس منصوبے کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ سیزویل منصوبے کی تعمیر کے دوران صارفین کے بجلی بلوں میں ماہانہ تقریباً ایک پاؤنڈ اضافہ ہوگا جبکہ یہ پلانٹ مستقبل میں کم کاربن بجلی کے نظام کی لاگت کو اوسطاً 2 بلین پاؤنڈ فی سال کم کر سکتا ہے۔
برطانوی وزیر توانائی ایڈملی بینڈ کا کہنا ہےکہ یہ منصوبہ نسلوں تک گھریلو صارف کو توانائی فراہم کرے گا۔ جبکہ وزیر خزانہ ریچل ریوز کا کہنا ہےکہ بجلی کی اگلی نسل تک فراہمی ہماری توانائی کی حفاظت اور ترقی کے لیے یہ منصوبہ بہت ضروری ہے۔