امریکی قونصل جنرل کی سیکرٹری داخلہ پنجاب سے ملاقات، بریفنگ لی
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، قوانین پر عملدرآمد کیلئے عوامی آگاہی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، عشرہ محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ امن کمیٹیوں کا کردار قابل تعریف رہا۔ اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے محکمہ داخلہ سول سیکرٹریٹ پنجاب میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وفد کو بتایا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب بھر کو محفوظ بنا رہے ہیں، جبکہ امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تربیت کیلئے تعاون کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ماڈرن آلات فراہم کیے اور تمام مجرمان کا ڈیٹا آن لائن کیا، سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ کو روبوٹ فراہم کر رہے ہیں، جبکہ کچے کے علاقے میں ایکشن کیلئے پے لوڈ ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کیلئے 14 جدید چیک پوسٹس بنا رہے ہیں، جیل ریفارمز پر بہت محنت ہوئی اور اسیران کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اسیران کو تکنیکی تربیت دیکر معاشی خودکفالت کیساتھ معاشرے کا مفید حصہ بنا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، قوانین پر عملدرآمد کیلئے عوامی آگاہی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، عشرہ محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ امن کمیٹیوں کا کردار قابل تعریف رہا۔ امن و امان کیساتھ معصوم بچوں کی فلاح کیلئے بھی کام کر رہے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: قانون نافذ کرنیوالے اداروں سیکرٹری داخلہ اداروں کی نے کہا کہ رہے ہیں
پڑھیں:
سندھ میں کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز
نیم ہنر مند افراد کیلئے 41,280 اور ہنر مندوں کیلئے 48,910 کم از کم اجرت مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں محنت کشوں کیلئے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کم از کم اجرت بورڈ کے سیکرٹری کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نیم ہنر مند افراد کیلئے 41,280 اور ہنر مندوں کیلئے 48,910 کم از کم اجرت مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نوٹیفکیشن میں اعلیٰ ہنر مند محنت کشوں کیلئے 50,868 روپے ماہانہ کم از کم اجرت مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کم از کم اجرت میں اضافہ سندھ منیمم ویجز ایکٹ 2015ء کے تحت کیا گیا ہے۔ مجوزہ نوٹیفکیشن پر اعتراضات یا تجاویز 14 دن کے اندر سیکرٹری کم از کم اجرت بورڈسندھ کو ارسال کی جا سکتی ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری رفیق قریشی نے کہا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ یکم جولائی 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔
سیکرٹری رفیق قریشی نے کہا کہ مزدوروں کی اجرت میں 8.1 فیصد اضافہ تجویز کیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 192 روپے فی گھنٹہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اجرتیں تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ اداروں پر یکساں لاگو ہوں گی۔ وزیر محنت شاہد تھہیم کے مطابق خواتین ورکرز کو بھی مردوں کے برابر تنخواہ دی جائے گی، کم از کم اجرت کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی، محنت کشوں کو تحفظ، وقار اور بہتر زندگی دینا چاہتے ہیں، محنت کشوں کا پسینہ کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مزدور دوست ہے، ان کے حقوق کاتحفظ یقینی بنایا جائے گا۔