انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی گاڑی پرفائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید، 2 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
خیرپور کے قریب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے اسکواڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ واقعے میں جج محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن جج سمکان احمد سکھر سے لاڑکانہ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار مقبول شیخ شہید ہو گئے، جبکہ دیگر دو اہلکار اقبال ملانو اور صغیر احمد شدید زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔ ایس ایس پی خیرپور کے مطابق حملے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پرتشدد اور ہلڑبازی کرنے والا نوجوان گرفتار
اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔اسلام آباد پولیس کے مطابق نوجوان نےکل رات آئی 8 مرکز میں ہلڑبازی کی اورپولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی پولیس اہلکاروں سے جھگڑنے اور گالم گلوچ کی ویڈیو سامنے آئی تھی، ویڈیو میں ملزم پولیس اہلکاروں سے جھگڑتا اورگالم گلوچ کرتا نظر آرہا ہے۔سامنے آنے والی ویڈیو میں ملزم کو پولیس اہلکاروں سے جھگڑنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر فرارہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔تھانہ آئی9 پولیس نے پولیس اہلکاروں سے جھگڑنے اور ہلڑ بازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کی گاڑی بھی تھانے منتقل کر دی ہے۔