باجوڑ اور بنوں کے پولیس اسٹیشنز پر دہشت گردوں کے حملے ناکام، پولیس کا بہادری سے مقابلہ، 4 اہلکار زخمی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, June 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں گزشتہ رات دہشت گردوں اور شدت پسندوں کی جانب سے دو مختلف تھانوں پر حملے کیے گئے، جنہیں پولیس نے بروقت اور بہادری سے ناکام بنا دیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق ضلع باجوڑ میں تھانہ لوئی ماموند اور بنوں میں تھانہ میریان کو فتنۂ الخوارج نے نشانہ بنایا۔ دونوں مقامات پر پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ لوئی ماموند پر رات گئے ہونے والے حملے میں ایس ایچ او فضلی رحمان سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں شاکر، طورسم اور محمد حسن شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر خار اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ضلع بنوں کے تھانہ میریان پر بھی رات گئے شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے بروقت جوابی کارروائی سے حملہ ناکام بنادیا۔ پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان تقریباً 50 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ اطلاع ملتے ہی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے ان حملوں کو ناکام بنانے والے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد ان کے سہولت کاروں تک بھی پہنچا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
شیرانی: دہشتگردوں کے لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے، 4 اہلکار شہید، 6 شدید زخمی
شیرانی(ویب ڈیسک) بلوچستان اور کے پی کے سرحدی علاقے ضلع شیرانی میں نامعلوم دہشتگردوں کے حملے میں لیویز کے 3 اہلکار اور کانسٹیبلری کا جوان شہید ہوگیا۔
نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے رات گئے لیویز اور پولیس تھانوں پر راکٹوں سے حملے کئے گئے جس کے نتیجہ میں لیویز اور پولیس تھانوں میں آگ بھڑک اٹھی، حملوں کے دوران 6 اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے۔
حملوں کے باعث تھانوں میں کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ لیویز کی ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اضافی فورس کو ژوب سے طلب کر لیا گیا۔
امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر ژوب کے سول ہسپتال میں منتقل کر دیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔
Post Views: 5