وزیراعلی میر سرفراز خان بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کی نئی کمیٹیوں کی عمارت کا افتتاح کردیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں قائم کی گئی نئی کمیٹیوں کی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبد الخالق خان اچکزئی، اراکین اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے بعد معزز اسپیکر کی زیر صدارت ایک غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا، جو کہ باقاعدہ اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی نے شرکت کی، جنہیں بعد ازاں نئی کمیٹی رومز کا دورہ کرایا گیا۔ اس دوران اراکین کو عمارت میں دستیاب سہولیات اور جدید تقاضوں کے مطابق کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلی میر سر فراز بگٹی نے افتتاح کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں کمیٹیوں کا کردار نہایت اہم ہے، اور اس نئی عمارت سے اراکین اسمبلی کو بہتر ماحول اور سہولیات میسر آئیں گی تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مثر انداز میں نبھا سکیں۔(جاری ہے)
اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبد الخالق خان اچکزئی نے بھی نئی عمارت کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی عمل کو مزید فعال بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بلوچستان اسمبلی
پڑھیں:
وزیراعلیٰ بلوچستان کا شہید ایس ایچ او کے اہلِ خانہ سے تعزیت، اعزازات اور مالی امداد کا اعلان
بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے بھاگ میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صحبت پور پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے بیٹوں کو گلے لگا کر ان کے والد کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید لطف علی کھوسہ اور کانسٹیبل عظیم کھوسہ نے دہشت گردوں کے مقابلے میں جانیں قربان کر کے بلوچستان پولیس کی جرأت اور قربانی کی نئی مثال قائم کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، جبکہ بیواؤں اور اہلِ خانہ کو ماہانہ وظیفہ اور مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
مزید برآں، تھانہ صحبت پور کو شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے نام سے منسوب کرنے اور شہید کے گاؤں کے اسکول کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی پولیس محمد طاہر رائے اور صوبائی وزراء بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کو صبر کی تلقین کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بگٹی نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں بلوچستان میں امن و امان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ صوبے کو جدید ہتھیار اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
مقامی شہریوں نے وزیراعلیٰ کے دورے کو شہداء کے خاندانوں کے لیے حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔