نیشنل کانفرنس کی حکومت عوامی امنگوں پر پورا نہیں اتر سکی، التجا مفتی
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
پی ڈی پی کی خاتون لیڈر نے نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شرکت کی ترغیب دی اور کہا کہ کشمیر کے مستقبل کی تشکیل شمولیتی سیاست، بات چیت اور ترقی سے جڑی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سینیئر رہنما التجا مفتی نے نیشنل کانفرنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے باوجود وہ عوامی توقعات پر پورا نہیں اتری۔ بجبہاڑہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے التجا مفتی نے کہا کہ بدقسمتی سے نیشنل کانفرنس کو عوام کے بجائے اپنا اقتدار زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عوام نے پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا، لیکن وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سینیئر لیڈر التجا مفتی نے آج بیجبہاڑہ، اننت ناگ میں ایک ہمہ گیر رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا، جس کا مقصد جنوبی کشمیر میں پارٹی کی جڑوں کو مزید مضبوط کرنا اور عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے۔
اس موقع پر التجا مفتی نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعے چناب ریل پل اور وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا قدم ہے جس کی ہمیں تعریف کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہمیشہ خوش آئند ہے، لیکن یہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، وقار اور جمہوری عمل کی بحالی کے ساتھ ہونی چاہیئے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے کے باوجود وہ عوامی امنگوں پر پورا نہیں اتری۔ التجا مفتی نے نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شرکت کی ترغیب دی اور کہا کہ کشمیر کے مستقبل کی تشکیل شمولیتی سیاست، بات چیت اور ترقی سے جڑی ہے۔ تقریب کا اختتام پارٹی کارکنان کے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ جموں و کشمیر میں جمہوریت، امن اور ترقی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نیشنل کانفرنس التجا مفتی نے
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔