پاکستانی پارلیمانی وفد نے برطانیہ میں سفارتی مشن کا آغاز کردیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, June 2025 GMT
پاکستانی سفارتی پارلیمانی وفد نے برطانیہ میں سفارتی مشن کا آغاز کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پاکستانی پارلیمانی وفد نے برطانیہ کے ممتاز تھنک ٹینک، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی ساز شخصیات کے ساتھ لندن کے معروف تحقیقی ادارے “چیٹم ہاؤس” میں مکالمہ کیا۔
چیٹم ہاؤس خارجہ و سلامتی امور پر برطانیہ کے اہم ترین تھنک ٹینکس میں سے ایک ہے، یہ نشست “چیٹم ہاؤس رولز” کے تحت بند کمرے میں منعقد کی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور بھارت کی بلااشتعال فوجی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے عام شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور علاقائی استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہوئے، بھارت کی کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی خودمختاری، بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
پارلیمانی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
مسلح افواج کے مواثر جواب سےپاکستان کے عزم اور خودمختاری کے دفاع کی صلاحیت کا اظہار ہوا، بھارت کی جانب سے کسی نئے “معمول” کو مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ اور غیرقانونی معطلی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی اصولوں کی پامالی اور ایک خطرناک نظیر قائم کرنے کے مترادف ہے، عالمی برادری اس تشویشناک پیش رفت کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اب بھی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عالمی برادری بامعنی مذاکرات کی حمایت کرے اور بین الاقوامی وعدوں اور انسانی حقوق کا احترام یقینی بنائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پارلیمانی وفد بلاول بھٹو
پڑھیں:
پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے یو اے ای میں ویزا چھوٹ فعال
اسلام آباد:متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا چھوٹ کی سہولت فعال کردی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ابوظہبی میں 24 جون 2025 کو متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈر کو ویزا کی چھوٹ پر اتفاق ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے تاکہ ان اقدامات کو فعال کیا جائے اور دستخط شدہ یاد داشت کو اس روز کے 30 دن بعد مؤثر ہو جائے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کے لیے ویزے کی چھوٹ فعال کردی ہے، جس کا اطلاق 25 جولائی 2025 سے متحدہ عرب امارات کے تمام پاسپورٹس پر ہوگیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے بھی پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر ویزا چھوٹ کا اطلاق ہوگا۔