وزارت کے ذیلی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ کرلیا : وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ مام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہے، مختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ باہمی کوآرڈینیشن بہتر ہونے سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا، تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی، انکا کہنا تھا کہ سیکرٹری داخلہ ان سفارشات کے تناظر میں جامع پلان مرتب کریں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ذیلی اداروں کے وزیر داخلہ
پڑھیں:
پاکستان اور چین کے درمیان بنیادی ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور چین کے درمیان کلیدی ڈیجیٹل شعبوں میں دوطرفہ تکنیکی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔ وزارت آئی ٹی کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ممالک نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں اپنی طویل المدتی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے پاکستان کے ڈیجیٹل ویژن کو اجاگر کیا۔ چین کے سفیر جیانگ نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں چین کی عملی معاونت اور مہارت کے تبادلے کی یقین دہانی کرائی۔