حجاج کی واپسی، لاہور، اسلام آباد، کراچی میں پروازیں پہنچ گئیں
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
اسلام آباد، لاہور، کراچی (ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر) پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر حاجیوں کا استقبال کیا۔ محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی و دیگر متعلقہ اداروں کے افسر موجود تھے۔ حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور کے حج انتظامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا سعودی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کو قابل تعریف سہولیات مہیا کیں۔ اسلام آباد کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی آئندہ دنوں میں حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جدہ سے ایئربلیو کی پرواز 147حجاج کرام کو لیکر لاہور پہنچی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سول ایوی ایشن حکام نے استقبال کیا۔ ڈائریکٹر حج سید عارف ظہور، ڈپٹی ڈائریکٹر مجیب الرحمان نے حاجیوں کو ہار پہنائے۔ خواجہ عمران نذیر نے حجاج کرام کو پنجاب حکومت کی طرف سے مبارکباد دیتے کہا ہم دعا گو ہیں کہ آپ کی عبادات‘ دعائیں بارگاہ الٰہی میں مقبول ہوں۔ کراچی میں جدہ سے ایئربلو کی پرواز 148حجاج کرام کو لیکر پہنچی، اس موقع پر ڈائریکٹریٹ حج کے علاوہ پی اے اے، اے ایس ایف اور ایئرلائن حکام موجود تھے۔ صوبائی وزیر اوقاف ریاض حسین شیرازی اور ڈائریکٹر حج امتیاز شاہ نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ علاوہ ازیں اس سال حج کے دوران ہارٹ اٹیک و دیگر بیماریوں کے باعث 8 خواتین سمیت 18 پاکستانی حجاج وفات پا گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بزرگ افرادکی ہے۔ جن کی جنت البقیع میں تدفین کر دی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اسلام ا باد
پڑھیں:
حق دو بلوچستان تحریک کو اسلام آباد جانے کا موقع نہیں دیں گے، طلال چودھری
لاہور میں جماعت اسلامی کے قائدین کیساتھ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو ملتان اور لاہور پہنچنے تک حکومت مکمل سکیورٹی دے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ لاہور میں وفاقی حکومت کی کمیٹی حق دو بلوچستان کے منتظمین سے بات چیت کرے گی، کوشش کی جائے گی مارچ لاہور میں ہی اختتام پذیر ہو، اور اسلام آباد جانے کی ضرورت ہی نہ رہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے منصورہ لاہور میں مرکز جماعت اسلامی کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے قائدین کیساتھ ملاقات کی، جس کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے’’حق دو بلوچستان تحریک‘‘ کے لانگ مارچ کے حوالے سے قائم حکومتی کمیٹی کے رکن وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے قائدین نائب امیر لیاقت بلوچ اور سیکرٹری جنرل امیرالعظیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حق دو بلوچستان مارچ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں طے پایا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو ملتان اور لاہور پہنچنے تک حکومت مکمل سکیورٹی دے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ لاہور میں وفاقی حکومت کی کمیٹی حق دو بلوچستان کے منتظمین سے بات چیت کرے گی، کوشش کی جائے گی مارچ لاہور میں ہی اختتام پذیر ہو، اور اسلام آباد جانے کی ضرورت ہی نہ رہے۔
جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ جماعت اسلامی پُرامن جماعت ہے اور آئین کے مطابق عوام کے حقوق کیلئے جائز اور جمہوری طریقے سے جہدوجہد کرتی ہے۔ حکومت پُرامن مارچ کو سکیورٹی فراہم کرے۔ مارچ کو اسلام آباد اپنی منزل مقصود تک پہنچنے دیا جائے اور حکومت زخم خوردہ اور محرومیوں کا شکار بلوچ عوام کے مطالبات حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وہ اسی لیے جماعت کے مرکز چل کر آئے ہیں۔ (ن) لیگ اورحکومت نے بلوچستان کے مسائل کو ہمیشہ حل کرنے کیلئے اہمیت دی ہے۔