مخصوص نشستیں کیس؛ سپریم کورٹ آئینی بینچ کے وکیل سلمان اکرم سے اہم سوالات
اشاعت کی تاریخ: 18th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے وکیل سلمان اکرم راجا سے اہم سوالات کیے، جسٹس امین الدین نے سوال اٹھایا کہ باپ پارٹی کو نشستیں مل گئی تھیں تو آپ کہتے ہیں سنی اتحاد کو بھی ملے؟
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ کنول شوزب کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں عدالت کے سامنے کچھ حقائق رکھوں گا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشنز پر فیصلہ دیا، آٹھ فروری انتخابات میں آئین سے انحراف ہوا۔
جسٹس امین الدین نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک فیصلہ ہے جس پر نظرثانی ہے، آپ اپنے دلائل اسی فیصلے تک رکھیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مجھے موقع دیا گیا ہے تو پھر پلیز گزارشات کرنے دیں، آئین سے انحراف 22 دسمبر 2023 سے شروع ہوگیا تھا، 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن پر فیصلہ دیا جس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بطور پارٹی ہی ختم کر دیا۔
وکیل نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ہی کچھ لوگوں نے بطور آزاد امیدوار کاغذات جمع کروائے کیونکہ امیدواروں کو خدشہ تھا کاغذات مسترد کر دیے جائیں گے، 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا، جن پی ٹی آئی امیدواروں نے ٹکٹ جمع کروائے تھے وہ بھی واپس کر دیے گئے، میں نے بھی ٹکٹ جمع کروایا انہوں نے واپس کر دیا۔
سلمان اکرم راجا نے دلائل میں کہا کہ میرے پاس ریکارڈ موجود ہے مگر کمیشن نے یہاں کہا میں آزاد تھا، 2018 کے بعد باپ پارٹی کو بنا الیکشن لڑے مخصوص نشستیں دی گئیں، آزاد امیدواروں کے شامل ہونے پر ہی باپ پارٹی کو مخصوص نشستیں ملیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ باپ پارٹی نے الیکشن تو باقی ملک سے لڑا تھا۔ جسٹس امین الدین نے سوال اٹھایا کہ باپ پارٹی کو نشستیں مل گئی تھیں تو آپ کہتے ہیں سنی اتحاد کو بھی ملے؟
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ نہیں میں تو یہاں فیصلے کا دفاع کر رہا ہوں، میں صرف یہ بتا رہا ہوں ہم کن حالات میں اور کیوں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، یہاں کہا گیا تھا ہم نے غلطیاں کیں اس لیے سب بتا رہا ہوں، گزشتہ مثال باپ پارٹی کی صورت میں ہمارے سامنے موجود تھی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ چھ لوگ تو پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کے ہی بیٹھے تھے۔ جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ کیا ان چھ لوگوں نے الیکشن کمیشن سے مخصوص نشستیں مانگیں؟
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان چھ لوگوں کو بھی پی ٹی آئی کا نہیں مانا، الیکشن کمیشن نے ہمیں پارٹی نہیں مانا تو ہائیکورٹ گیا، لاہور ہائیکورٹ کے بعد دو بار سپریم کورٹ آیا لیکن نہیں سنا گیا، پہلی مرتبہ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہمارے کاغذات دھندلے ہیں، کاغذات کلیئر لگائے تو دوسرا اعتراض پھر لگا، دو فروری کو رجسٹرار نے کہا اب الیکشن بہت قریب ہیں نہیں سن سکتے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی؟ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ درست ہے ہم نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر نہیں کی۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 8 فروری اور اس سے متعلقہ واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے اکثریتی فیصلہ کیا گیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ایسا کوئی مٹیریل عدالت کے سامنے تھا ہی نہیں، کسی شخص نے عدالت میں آکر نہیں کہا مجھ سے سب کچھ گن پوائنٹ پر کروایا گیا۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 8 ججوں کے اکثریتی فیصلے میں پاکستان کے عوام کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ دیا گیا، تین نومبر کے اقدامات کے خلاف دیے گئے فیصلے کی مثال موجود ہے، عدالت گزشتہ واقعات کی اصلاح کرتی رہی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے پاس قابل اصلاح سے متعلق کوئی اختیار سماعت نہیں ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 8 ججوں کے اکثریتی فیصلے میں اور دو ججوں کے اختلافی نوٹ میں تھوڑا سا فرق ہے، اکثریتی فیصلے میں لائن نیچے سے لگائی گئی اور دو ججوں نے لائن اوپر سے لگائی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ تمام ریکارڈ کا جائزہ لیکر 39 اراکین کی حد تک فیصلہ دیا۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ وہ حقائق ہمارے سامنے تھے ہی نہیں۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیے کہ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی ان 8 ججز میں شامل تھے جنھوں نے وسیع نظر سے حقائق کو دیکھا، جسٹس جمال خان مندوخیل اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کم وسیع نظر سے حقائق کو دیکھ کر فیصلہ دیا۔ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منیب اختر دستیابی کے باوجود بینچ کا حصہ نہیں ہیں، اگر وہ ہوتے تو اپنے فیصلے کا دفاع کرتے، فارسی کا ایک شعر ہے جس کا اردو ترجمہ ہے کہ دریا میں باندھ کر پھینک دیا گیا اور کہا گیا گیلا نہیں ہونا۔
جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ اسی طرح کا ایک پنجابی میں بھی شعر ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آپ ارشاد فرمائیں، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ عدالتی کارروائی کو مشاعرے میں تبدیل نہ کریں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کمرہ عدالت سے مکرر مکرر کی آوازیں آنا شروع ہو جائیں۔
جسٹس شاہد بلال کے وکیل سلمان اکرم سے اہم سوالات
سماعت کے اختتام پر جسٹس شاہد بلال حسن نے وکیل سلمان اکرم راجا سے اہم سوالات کیے۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے کہا کہ میرا خیال تھا آپ دلائل کے آغاز میں ہی اس پر بات کریں گے لیکن آپ نے بات نہیں کی، آپ مرکزی کیس میں فریق ہی نہیں تھے، آپ عدالتی کارروائی میں بطور انٹروینر شامل ہوئے، آپ کی کیس میں فریق بننے کی درخواست تو کبھی منظور ہی نہیں ہوئی اور انٹروینر کا اسکوپ بالکل واضح ہوتا ہے، آپ نہ فریق ہیں نہ ہی مدعدلیہ۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے ریمارکس دیے کہ یہ تو لگتا ہے عدالتی بینچ آپ کو مروت میں سن رہا ہے، بینچ نے بھی اس طرف زیادہ بات نہیں کی، میرا خیال تھا آپ پہلے اس پر بات کریں گے، آپ نے تو آتے ساتھ ہی کیس کے میرٹس پر دلائل دینا شروع کر دیے، کیا ہم ازخود نوٹس کی کارروائی میں آپ کو سن رہے ہیں۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں ان سوالات کے جواب دوں گا۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے ریمارکس دیے کہ آپ 8 ججوں کے فیصلے کے بینفیشری ہیں، ایسے کیا جاتا رہا تو آئین و قانون ناکارہ نہیں ہو جائے گا۔
وکیل حامد خان نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف کیس پر حتمی فیصلے تک عدالتی کارروائی روکنے کے لیے نظرثانی دائر کرنی ہے، شارٹ آرڈر نہیں مل رہا۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ شارٹ آرڈر موجود ہے اور آپ کا حق ہے، نظرثانی دائر کریں۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میں کل اپنے دلائل مکمل کر لوں گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جسٹس شاہد بلال حسن نے جسٹس جمال مندوخیل نے جسٹس امین الدین نے نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے سے اہم سوالات مخصوص نشستیں باپ پارٹی کو سپریم کورٹ فیصلہ دیا پی ٹی آئی نے دلائل ججوں کے کے خلاف ہی نہیں کورٹ کے
پڑھیں:
کیا قومی اسمبلی مالی سال سے ہٹ کر ٹیکس سے متعلق بل پاس کر سکتی ہے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ ہر ادارہ آئین کا پابند ہے، پارلیمنٹ ہو یا سپریم کورٹ ہر ادارہ آئین کے تحت پابند ہوتا ہے۔سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔وکیل ایف بی آر حافظ احسان نے مؤقف اپنایا کہ سیکشن 14 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، صرف اس کا مقصد تبدیل ہوا ہے، 63 اے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سمیت کئی کیسز ہیں جہاں سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی قانون سازی کی اہلیت کو تسلیم کیا ہے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کیا قومی اسمبلی مالی سال سے ہٹ کر ٹیکس سے متعلق بل پاس کر سکتی ہے، کیا آئین میں پارلیمنٹ کو یہ مخصوص پاور دی گئی ہے۔حافظ احسان کھوکھر نے دلیل دی کہ عدالت کے سامنے جو کیس ہے اس میں قانون سازی کی اہلیت کا کوئی سوال نہیں ہے، جسٹس منصور علی شاہ کا ایک فیصلہ اس بارے میں موجود ہے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ وہ صورتحال علیحدہ تھی، یہ صورت حال علیحدہ ہے۔حافظ احسان نے مؤقف اپنایا کہ ٹیکس پیرز نے ٹیکس ریٹرنز فائل نہیں کیے اور فائدے کا سوال کر رہے ہیں، یہ ایک اکیلے ٹیکس پیرز کا مسئلہ نہیں ہے، یہ آئینی معاملہ ہے، ٹیکس لگانے کے مقصد کے حوالے سے تو یہ عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے، عدالتی فیصلے کا جائزہ لینا عدالت کا کام ہے۔انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر پائیدار نہیں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ ایک متضاد فیصلہ ہے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ہر ادارہ آئین کا پابند ہے، پارلیمنٹ ہو یا سپریم کورٹ ہر ادارہ آئین کے تحت پابند ہوتا ہے، حافظ احسان نے مؤقف اپنایا کہ اگر سپریم کورٹ کا کوئی فیصلہ موجود ہے تو ہائیکورٹ اس پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہے۔اس کے ساتھ ہی ایف بی آر کے وکلا حافظ احسان، شاہنواز میمن اور اشتر اوصاف کے دلائل مکمل ہوگئے، درخواست گزار کے وکیل راشد انور کل دلائل کا آغاز کریں گے۔سماعت کے اختتام پر ایڈیشنل اٹارنی جزل اور کمپینز کے وکیل مخدوم علی خان روسٹرم پر آگئے، ایڈیشنل اٹارنی جزل نے کہا کہ اٹارنی جزل دلائل نہیں دیں گے، تحریری معروضات جمع کروائیں گے۔مخدوم علی خان نے کہا کہ جب تک تحریری معروضات جمع نہیں ہوں گی، میں دلائل کیسے دوں گا، ایڈیشنل اٹارنی جزل نے کہا کہ اٹارنی جزل دو دن تک تحریری معروضات جمع کروا دیں گے۔کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی گئی۔