ایران میں پھنسے کشمیری طلبہ کا انخلاء شروع، آج 90 طلبہ دہلی پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 18th, June 2025 GMT
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق تمام طلبہ محفوظ ہیں اور انکی واپسی کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے بیچ بھارت نے ایران میں پھنسے ہوئے اپنے طلبہ کو نکالنے کے لئے انخلاء کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے تحت ایران کی میڈیکل یونیورسٹی ارومیہ میں زیر تعلیم تقریباً 110 بھارتی طلبہ، جن میں 90 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے، ایران سے سرحد پار کرتے ہوئے آرمینیا میں داخل ہوگئے۔ ان طلبہ کو آرمینیا کے دارالحکومت یریوان پہنچنے کے بعد پہلے سے منتخب ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق تمام طلبہ محفوظ ہیں اور ان کی واپسی کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ مرکزی وزارت خارجہ کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ طلبہ کے تمام ہوائی ٹکٹ حکومت ہند نے مکمل طور پر مفت فراہم کئے ہیں۔
ساتھ ہی کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے دہلی سے سرینگر تک کی فلائٹس کے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی واپسی کا عمل مکمل ہو سکے۔ آفیشلز کے مطابق پہلا مرحلہ 18 جون 2025ء کو صبح 8:45 بجے یریوان ایئرپورٹ (EVN) سے اس وقت شروع ہوا جب طلبہ انڈیگو فلائٹ 6E 9483 پر دوحہ (حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، DOH) روانہ ہوئے۔ چیک ان اور بیگیج ڈراپ کا وقت بھی جاری کر دیا گیا ہے اور معمولی تاخیر کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن مسلسل حالات کی نگرانی کر رہی ہے اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے تاکہ طلبہ کی واپسی بخیر و خوبی مکمل ہو۔ ادھر طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ نے حکام کی بر وقت مداخلت پر شکریہ ادا کیا ہے۔ وہیں اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ باقی طلبہ کو بھی جلد از جلد بحفاظت وطن واپس لایا جائے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی واپسی
پڑھیں:
ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوہری طاقت حاصل کرنے کا پور احق ہے، شہباز شریف
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال غزہ سے کچھ مختلف نہیں، دن رات کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی وادیاں کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر تحریک آزادی مکمل نہیں ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی لیڈرشپ اور فوج نے بہادری کیساتھ اسرائیل کا مقابلہ کیا، ایرانی میزائلوں کی بارش نے اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کو بے نقاب کردیا، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے اصولی موقف کیساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، صدر مسعود پزشکیان پہلی بار پاکستان تشریف لائے ہیں، ایرانی صدر کیساتھ سیر حاصل گفتگو ہوئی، تجارتی حجم کو 10ارب ڈالر تک لے جانے پر بات کی ہے، ایران کے صدر نے پاکستانی عوام کیلئے محبت بھرا پیغام دیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بغیر کسی جواز ایران کیخلاف جارحیت کی، پاکستان نے ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ایران کی لیڈرشپ اور فوج نے بہادری کیساتھ اسرائیل کا مقابلہ کیا، ایران کی لیڈرشپ نے ملک کا بھرپور دفاع کیا، ایرانی میزائلوں کی بارش نے اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کو بے نقاب کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کو پرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے حصول کا حق ہے، پاکستان ایران کے اصولی موقف کیساتھ کھڑا ہے، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے، دہشتگردی کیخلاف پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہے، خطے میں امن اور ترقی کیلئے دہشتگردی کیخلاف ملکر اقدامات اٹھائیں گے، کسی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ہمارے بارڈرز کئی سو کلومیٹر پر محیط ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین کیلئے آواز اٹھانے پر ایران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان نے بھی غزہ کیلئے بھرپور آواز اٹھائی، ایران کے سپریم لیڈر اور ایرانی صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں بدترین ظلم و ستم جاری ہے، اسرائیل فلسطین میں نومولود بچوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے، غزہ میں بے گناہ لوگوں کاخون بہایا جا رہا ہے، غزہ میں امداد کو روک دیا گیا، فاقہ کشی پر مجبور کر دیا گیا، آج پوری اسلامی دنیا کو یک زبان ہو کر غزہ کیلئے آواز اٹھانی چاہئے، غزہ میں امن کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی، غزہ کیلئے آواز نہ اٹھائی تو دنیا ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال غزہ سے کچھ مختلف نہیں، دن رات کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی وادیاں کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر تحریک آزادی مکمل نہیں ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہے گا، ایران کے شکرگزار ہیں، آپ نے کشمیر کی آزادی کیلئے آواز اٹھائی، دوست وہ ہوتا ہے جو برے وقت میں ساتھ دے۔