سید عاصم منیر کی ٹرمپ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پربات ہوگی، مشاہد حسین
اشاعت کی تاریخ: 18th, June 2025 GMT
ماہر عالمی امور نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل بارے پاکستان کا موقف معلوم ہے، پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے ایک اصولی موقف ہے، جب کہ سیاسی جماعتوں کو ایشوز کی سیاست کرنی چاہیے، سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لانی چاہیے، سیاست دانوں کو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔ اسلام ٹائمز۔ ماہر عالمی امور مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات ہوگی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار فیلڈ مارشل کو وائٹ ہاؤس میں دعوت دی گئی ہے، یہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے پاکستان کو پسند کرتے ہیں، آج بھارت میں صف ماتم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں پاکستان، امریکا تعلقات پر بات ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ روایتی قسم کے لیڈر نہیں ہے، ہوسکتا ہے وہ عمران خان سے متعلق بھی کوئی بات کرے، امریکی صدر سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دیں گے۔
ماہر عالمی امور کا کہنا تھا کہ ہندوستان والے بہت جھوٹ بولتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو صرف فون کیا ہے، بھارت کو جنگی اور سفارتی محاذ پرشکست ہوئی ہے، فیلڈ مارشل کو ہیڈ آف سٹیٹ والا پروٹوکول دیا جائے گا، یہ پاکستان کے لیے گریٹ آنر ہے، یہ خطہ بڑا اہم ہے اور پاکستان کی بڑی اہمیت ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل بارے پاکستان کا موقف معلوم ہے، پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے ایک اصولی موقف ہے، جب کہ سیاسی جماعتوں کو ایشوز کی سیاست کرنی چاہیے، سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لانی چاہیے، سیاست دانوں کو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے، فتح حاصل کرنے کے بعد دل بڑا کرکے سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے، نیوکلیئر بہانہ ہے، اصل نشانہ ایران کا انقلاب اور حکومت ہے، اسرائیلی نیتن یاہو سے تنگ آ گئے ہیں، جی سیون ممالک نے شرمناک بیان دیا ہے، ان کا اصل چہرہ سامنے آچکا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سیاسی جماعتوں کو پاکستان کا مشاہد حسین فیلڈ مارشل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔