حماس کا جنگ بندی کے متعلق اسکائی نیوز العربیہ کی رپورٹ پر سخت ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی بےبنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کریں اور صحافتی دیانت و صداقت کو مقدم رکھیں۔ اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کا "اسکائی نیوز عربیہ" کی من گھڑت رپورٹ پر شدید ردعمل آیا ہے۔ تحریکِ مزاحمت اسلامی حماس نے "اسکائی نیوز عربیہ" کی جانب سے ایک نامعلوم فلسطینی ذریعے کے حوالے سے شائع کردہ خبر کو مکمل طور پر جھوٹ، بےبنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسکی سخت الفاظ میں تردید کی ہے۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ "حماس" نے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے کچھ شرائط رکھ دی ہیں۔ حماس نے واضح کیا ہے کہ یہ خبر سراسر جھوٹ اور من گھڑت افتراء ہے جسکا تحریک حماس کے مؤقف سے کوئی تعلق نہیں، جھوٹی اطلاعات کا مقصد جنگی جرائم سے توجہ ہٹانا، فلسطینی مزاحمت اور تحریکِ حماس کو بدنام کرنا، اور صہیونی بیانیے کو فروغ دینا ہے۔
حماس کا مؤقف نہایت واضح، دوٹوک اور عوامی سطح پر موجود ہے؛ ہم کبھی بھی نام نہاد "نامعلوم ذرائع" کے ذریعے اپنی شرائط یا مؤقف پیش نہیں کرتے۔ جب قابض صہیونی نظام غزہ کی ناقابلِ تسخیر مزاحمت کو شکست دینے میں ناکام ہوجاتا ہے، تو وہ منظم میڈیا مہم کے ذریعے تحریکِ مزاحمت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ حماس نے میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی بےبنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کریں اور صحافتی دیانت و صداقت کو مقدم رکھیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
گلگت بلتستان انتخابات کو متنازع بنانے کی ہر کوشش جمہوریت کے خلاف ہے، حلیم عادل شیخ
صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کو متنازع بنانے کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا ووٹ آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی قسم کی مداخلت یا دباؤ جمہوری اقدار کے منافی ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا راستہ صرف آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے ہو کر گزرتا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روایت نے ماضی میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار کیا، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں عوام نے اپنا واضح فیصلہ دیا تھا، تاہم عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلانے کے مساوی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے دباؤ، جانبداری اور غیر ضروری مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں گے، عوام کا فیصلہ ہی جمہوریت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوامی حمایت کے ساتھ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی ممکن نہیں، لہذا تمام متعلقہ حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ ہوں اور عوام کے مینڈیٹ کا ہر صورت احترام کیا جائے۔