پنجاب میں پلاسٹک فری مہم شروع؛ 75 مائکرون سے کم وزنی بیگز پر مکمل پابندی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
لاہور:
حکومت پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج مہم‘‘کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
ادارہ ماحولیات پنجاب کی زیر نگرانی چلنے والی اس مہم کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ اور صاف ستھری فضا کی جانب عملی پیش رفت ہے۔
سیکرٹری ماحولیات پنجاب صلوت سعید نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف کاروباری مراکز کا دورہ کیا اور پلاسٹک فری پنجاب مہم میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 75 مائکرون سے کم موٹائی یا اور 12x16 انچ سے چھوٹے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ اس پابندی پر عملدرآمد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مہم کے تحت کاروباری اداروں کو پابندی شدہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کرنے اور ماحول دوست متبادل اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ سیکریٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج‘‘ماحولیاتی بہتری اور شہری صحت کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے جو صاف اور سرسبز پنجاب کی ضمانت بنے گا۔
ادارہ ماحولیات پنجاب کے ترجمان ساجد بشیر کے مطابق مہم کا آغاز 5 جون 2024 کو کیا گیا، جس کے بعد پلاسٹک سے متعلق قانون کی منظوری کے بعد کارروائیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 163 کلوگرام غیرقانونی پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں جبکہ 9000 سے زائد نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
سیکریٹری ماحولیات صلوت سعید نے واضح کیا کہ سنگل یوز پلاسٹک ماحولیاتی تباہی کا سبب بن رہا ہے اور اس سے انسانی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب 75 مائکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز نہ بنیں گے اور نہ استعمال ہوں گے۔
ادارہ ماحولیات نے عوام اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور اس مہم کا حصہ بن کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ماحولیات پنجاب پلاسٹک بیگز پلاسٹک فری
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پی ڈی ایم اے کا مون سون ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع
وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پی ڈی ایم اے کا مون سون ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا،پنجاب مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کردیا گیا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24گھنٹے فعال رہے گا۔صوبے بھرمیں برساتی نالوں کی صفائی اوربارشی پانی کے بہاؤ کے راستے کلیئرکردئیے گئے،پی ڈی ایم اے نے حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کیلئےایس او پیز بھی جاری کردئیے ہیں۔مریم نواز نے طغیانی کے پیش نظر نہروں میں نہانے پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کاٹاسک دیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ ،ریسکیوسمیت دیگراداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے،اپنا فرض ضرور نبھائیں گے ۔مون سون کے دوران عوام حادثات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں،ہر فرد کی جان قیمتی ہے، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔