پنجاب میں پلاسٹک فری مہم شروع؛ 75 مائکرون سے کم وزنی بیگز پر مکمل پابندی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
حکومت پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج مہم‘‘کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ادارہ ماحولیات پنجاب کی زیر نگرانی چلنے والی اس مہم کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ اور صاف ستھری فضا کی جانب عملی پیش رفت ہے۔سیکرٹری ماحولیات پنجاب صلوت سعید نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف کاروباری مراکز کا دورہ کیا اور پلاسٹک فری پنجاب مہم میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 75 مائکرون سے کم موٹائی یا اور 12x16 انچ سے چھوٹے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ اس پابندی پر عملدرآمد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مہم کے تحت کاروباری اداروں کو پابندی شدہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کرنے اور ماحول دوست متبادل اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ سیکریٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج‘‘ماحولیاتی بہتری اور شہری صحت کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے جو صاف اور سرسبز پنجاب کی ضمانت بنے گا۔ادارہ ماحولیات پنجاب کے ترجمان ساجد بشیر کے مطابق مہم کا آغاز 5 جون 2024 کو کیا گیا، جس کے بعد پلاسٹک سے متعلق قانون کی منظوری کے بعد کارروائیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 163 کلوگرام غیرقانونی پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں جبکہ 9000 سے زائد نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔سیکریٹری ماحولیات صلوت سعید نے واضح کیا کہ سنگل یوز پلاسٹک ماحولیاتی تباہی کا سبب بن رہا ہے اور اس سے انسانی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب 75 مائکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز نہ بنیں گے اور نہ استعمال ہوں گے۔ادارہ ماحولیات نے عوام اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور اس مہم کا حصہ بن کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ماحولیات پنجاب پلاسٹک بیگز پلاسٹک فری
پڑھیں:
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سموگ کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اینٹی سموگ گن کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، جدید اینٹی سموگ گن کے ذریعے پانی کے چھوٹے چھوٹے قطروں کی پھوار فضا میں برسائی جاتی ہے، اس پانی کی پھوار سے فضا میں موجود آلودگی اور مٹی کے ذرات کو صاف کیا جاتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سموگ کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اینٹی سموگ گن کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں اینٹی سموگ گن کے باضابطہ استعمال کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس موقع پر اے آئی سے جڑے جدید موسمیاتی نظام کی مدد سے اینٹی سموگ گن کی افادیت کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب کے علاقوں میں سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ جدید مشینری بھی فراہم کی۔
جدید اینٹی سموگ گن کے ذریعے پانی کے چھوٹے چھوٹے قطروں کی پھوار فضا میں برسائی جاتی ہے، اس پانی کی پھوار سے فضا میں موجود آلودگی اور مٹی کے ذرات کو صاف کیا جاتا ہے، یہ جدید مشین بھارت چین سمیت دیگر ممالک میں بھی سموگ میں کمی لانے کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔ 15 اینٹی سموگ گنز مقامی طور پر تیار کی گئی ہیں ان گنز کا اب باضابطہ طور پر استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ 5 اینٹی سموگ گنز تیاری کے مرحلے میں ہیں، یہ جدید گنز فضائی آلودگی پر قابو پانے کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشن کی ایک اہم کڑی ہیں، ان سے سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔