تلنگانہ کیمیکل فیکٹری دھماکہ: ہلاکتیں 34 ہوگئیں، کئی زخمیوں کی حالت نازک
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
بھارتی ریاست تلنگانہ کے صنعتی ضلع سنگا ریڈی میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، جب کہ کچھ کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ فیکٹری کے ری ایکٹر یونٹ میں پیش آیا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور زہریلا دھواں پورے علاقے میں پھیل گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری موقع پر پہنچیں، تاہم آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جاں بحق افراد کے ورثا کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
بھارت میں صنعتی حادثات معمول بن چکے ہیں، جن کی بڑی وجہ ناقص حفاظتی انتظامات اور ریگولیٹری نگرانی کی کمی بتائی جاتی ہے۔ ماضی میں بھوپال گیس سانحہ جیسے بڑے واقعات کے باوجود صنعتی تحفظات کے اقدامات اب تک ناقص رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔