کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے جارہے ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
---فائل فوٹو
بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے شہریوں کو آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ’پیپلز ٹرین‘ چلانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے لوگوں کے لیے بڑی خوش خبری ہے کہ ہم پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے جارہے ہیں جو کچلاک سے شیخ زید اسپتال تک سارا دن چلے گی۔
یاد رہے کہ 2017ء میں بلوچستان کی سابق حکومت نے چین کے تعاون سے کوئٹہ میں ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم 25 ارب روپے کی بھاری لاگت کے باعث 2020ء میں یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر حکومت نے شہریوں کو ’پیپلز ٹرین سروس‘ کی نوید سنائی ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے کوئٹہ میں پاکستان ریلویز کے تعاون سے پیپلز ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیپلز ٹرین سروس کے منصوبے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے بلوچستان حکومت نے پاکستان ریلویز اور محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر اقدامات شروع کر دیے ہیں، کوئٹہ کے شہری پیپلز ٹرین منصوبے کو جَلد شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کی عوام نے پیپلز ٹرین سروس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، جتنی سہولت ملے اچھا ہے، غریب لوگ باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پیپلز ٹرین سروس بلوچستان حکومت کوئٹہ میں حکومت نے
پڑھیں:
صدر مملکت سے بلوچستان کے وزراء کی ملاقات، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق صدر ِمملکت نے بلوچستان میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، عوامی فلاح اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
ملاقات میں صوبائی وزیرِ آبپاشی صادق عُمرانی، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیرِ صحت میر بخت کاکڑ، وزیرِ لائیو سٹاک سردار فیصل جمالی، وزیرِ صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیرِ محنت غلام رسول عُمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری شریک تھے۔