جھنگ، وائلڈ لائف پارک سے قیمتی 3 ہرن چوری کرلیے گئے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
JHANG:
پنجاب کے ضلع جھنگ میں وائلڈلائف پارک سے تین قیمتی مادہ ہرن چوری کرلیے گئے جبکہ تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ہرنوں کی چوری کا مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جھنگ کے وائلڈلائف پارک سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کالے ہرن چوری ہوئے جس کا علم اگلے روز اس وقت ہوا جبکہ ہرنوں کو خوراک ڈالنے والے ملازمین نے انکلوژر میں گئے۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز ہیڈکوارٹرز نے بتایا کہ قیمتی ہرنوں کی چوری کی تحقیقات کے لیے محکمے کی ایک خاتون افسر ڈاکٹر مصباح سرور کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تین روز میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہرنوں کی چوری میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
وائلڈلائف حکام کے مطابق وائلڈلائف پارک جھنگ میں مجموعی طور پر 7 کالے ہرن تھے جن میں سے تین مادہ ہرن چوری ہوگئے ہیں، ایک کالے ہرن کی کم ازکم مالیت دو لاکھ روپے ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق پارک سے چار کالے ہرن چوری ہوئے ہیں جن میں سے ایک نر اور تین مادہ ہیں تاہم حکام کے مطابق چوری ہونے والے ہرنوں کی تعداد تین ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وائلڈلائف پارک جھنگ کا سینیئر عملہ ٹریننگ میں مصروف ہے۔
پارک میں گرین پاکستان پروگرام کے تحت بھرتی عملہ ڈیوٹی دے رہا ہے جس کا کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہوچکا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہرن چوری ہرنوں کی کے مطابق کالے ہرن پارک سے
پڑھیں:
لاہور؛ سوشل میڈیا ایپ پر خریدار بن کر موبائل فونز، موٹر سائیکل ہتھیانے والا ملزم گرفتار
لاہور:سوشل میڈیا ایپ پر خریدار بن کر قیمتی موبائل فونز اور موٹر سائیکل ہتھیانے والے بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا گیا۔
گجرپورہ پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز کی خرید و فروخت کے لیے سوشل میڈیا ایپ پر بطور خریدار مالک سے رابطہ کرتے تھے اور چیک کرنے کے بہانے موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز سمیت رفو چکر ہو جاتے تھے۔
ایس ایچ او محمد زکاء اور پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کو گرفتار کیا۔ گروہ کے سرغنہ علی شہباز کو سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
گروہ کا سرغنہ اور ریکارڈ یافتہ ملزم علی شہباز جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا۔
ملزم علی شہباز نے لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں خریدار بن کر وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا۔ ملزم پیٹرول پمپ پر گاڑی میں پیٹرول ڈلواتا اور رقم بذریعہ فیک جاز کیش میسج دکھا کر ادا کرتا۔ پیٹرول پمپ اسٹاف کے مزید دریافت پر گاڑی سمیت بھاگ جاتا۔
ایس پی سول لائن کے مطابق ملزمان گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کرکے وارداتیں کرتے تھے۔
ایس ایچ او گجرپورہ محمد ذکاء نے بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے پستول و گولیاں، جعلی نمبر پلیٹ والی لگژری گاڑی اور 4 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔
ایس پی سول لائن چودھری اثر علی کا کہنا تھا کہ ملزم علی شہباز کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے گجر پورہ پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔