نوجوانوں کو کچلنے والا سماجی رہنما ظفر عباس کا ڈرائیور گرفتار، گاڑی برآمد
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
کراچی کے علاقے انچولی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ملوث جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کے ڈرائیور عرب رضا کو پولیس نے گرفتار کرکے گاڑی برآمد کر لی ہے۔ حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار نوجوان زخمی ہوئے تھے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز نے ظفر عباس کے ابتدائی دعوؤں کی نفی کردی ہے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ڈرائیور سے ابتدائی بیان لیا جا رہا ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر ڈبل کیبن گاڑی کو رانگ وے سے دوسری سڑک پر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے غلط سمت سے آتے ہوئے سڑک پار کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو ٹکر مار دی۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جبکہ گاڑی میں 2 گارڈز بھی موجود تھے۔ واقعے کے فوراً بعد شہری بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر جمع ہو گئے۔
مزید پڑھیں: کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، ’کیا پیسے والوں کو سب گناہ معاف ہیں؟‘
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان صحیح سمت میں آ رہے تھے، جنہیں گاڑی نے سامنے سے ٹکر ماری۔ ٹکر کی شدت سے نوجوان موٹر سائیکل سے اچھل کر فٹ پاتھ پر گر پڑے۔
ظفر عباس نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ حادثے کا سبب موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ بند ہونا تھا، تاہم سی سی ٹی وی نے اس دعوے کو غلط ثابت کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوانوں کے اہلخانہ فی الحال مقدمہ درج نہیں کرا رہے، وہ بچوں کے علاج میں مصروف ہیں، اور قانونی کارروائی سے متعلق فیصلہ بعد میں کریں گے۔ تاہم، اہلخانہ مسلسل سمن آباد پولیس اسٹیشن سے رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہ یہ گاڑی ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ ہے، اور حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں نوجوان شدید زخموں کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کراچی.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: جے ڈی سی کے سربراہ کراچی موٹر سائیکل
پڑھیں:
کراچی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں ماں بیٹی سمیت 3 خواتین جاں بحق
شہر قائد میں واقع شارع فیصل اسٹارگیٹ کے قریب تیزرفتارگاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، افسوسناک حادثے میں ماں بیٹی سمیت تین خواتین جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوا، جاں بحق خواتین اور زخمی گاڑی میں سوار تھے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل اسٹارگیٹ کے قریب تیزرفتارگاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی گاڑی میں سوار3 خواتین جاں بحق اورایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹی اور کزن شامل ہے۔ حادثے میں گاڑی مکمل تباہ ہو گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طورپر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
اتوارکی علی الصبح ایئرپورٹ تھانے کے علاقے شارع فیصل ملیر اسٹارگیٹ کے قریب تیزرفتارگاڑی رجسٹریشن نمبر ’بی جی کیو 469‘ ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے بعد الٹ گئی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال منتقلی کے بعد مزید 2 خواتین دوران علاج دم تور گئیں، خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت 50 سالہ اسماء زوجہ غلام طارق، 19 سالہ منتہا دختر غلام طارق اور 22 سالہ فریال شایان کے نام سے ہوئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین میں ماں بیٹی اورچچا زاد کزن شامل ہے، زخمی نوجوان کی شناخت اویس کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد ملیرلیاقت مارکیٹ کے قریب کے رہائشی تھے۔
سیکشن آفیسر (ایس او) ایئر پورٹ ریحان زیب کے مطابق حادثہ صبح سویرے پیش آیا، گاڑی میں سوارافراد ڈرگ روڈ سے ملیرجارہے تھے کہ اسٹارگٹ کے قریب گاڑی اچانک فٹ پاتھ سےٹکرانے کے بعد دوسری سڑک پر جا کر الٹ گئی۔
ایئر پورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ، پولیس نے حادثے میں متعلق اپنی جانچ جاری رکھی ہوئی ہے۔