نوجوان جوڑوں کو ورغلا کر منشیات اسمگل کروانے والا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
اے این ایف نے نوجوان جوڑوں کو ورغلا کر منشیات اسمگل کروانے والا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب کردیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی خفیہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کا سرغنہ ندیم خان گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی کے دوران نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے 11 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 4 خواتین اور ایک فارماسسٹ بھی شامل ہے۔ گرفتار نیٹ ورک غریب اور کم تعلیم یافتہ نوجوان جوڑوں کو جھوٹے خواب دکھا کر منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتا تھا۔ ان نوجوانوں کو بیرون ملک روشن مستقبل اور پرکشش آمدنی کے جھوٹے وعدے کر کے ورغلایا جاتا تھا۔
ترجمان کے مطابق نیٹ ورک منشیات کو کیپسولز کی شکل میں تیار کر کے پیٹ میں چھپانے کا طریقہ استعمال کرتا تھا تاکہ ہوائی اڈوں پر اسکینرز سے بچا جا سکے۔
ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر اے این ایف کی سخت مانیٹرنگ کے باعث یہ نیٹ ورک بے نقاب ہوا، جہاں دو ہوائی اڈوں سے 4 نوجوان جوڑے ہیروئن سے بھرے کیپسولز سمیت گرفتار کیے گئے۔
جدید تکنیکی اور ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے اے این ایف نے اس بین الاقوامی گروہ تک رسائی حاصل کی اور کارروائی کے دوران مزید 3 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے دیگر مفرور ملزمان کی نشاندہی ہو چکی ہے، جنہیں بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ فورس محدود وسائل کے باوجود منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ اے این ایف کا عزم ہے کہ پاکستان سے کسی بھی خلیجی ملک کو منشیات اسمگل نہیں ہونے دیں گے۔ منشیات کے عالمی نیٹ ورکس کے خلاف یہ جنگ جاری رہے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بین الاقوامی منشیات اسمگل اے این ایف نیٹ ورک
پڑھیں:
نارتھ کراچی میں فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا ڈاکو دوران علاج دم توڑگیا
کراچی:نارتھ کراچی رحمانیہ موڑ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم دوران علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی تھری رحمانیہ موڑ کے قریب پولیس اوراسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم محمد علی ولد دلاور دوران علاج عباسی شہید اسپتال میں دم توڑگیا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری راؤ سرفراز کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم اور دوران علاج دم توڑ نے والے ملزم نے دو روز قبل شہری سے اس کی موٹر سائیکل اوراس کے موبائل فونز چھینے تھے اور واردات کے بعد ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زوہیب زخمی بھی ہوا تھا۔
ملزمان کا ساتھی رمضان فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، گرفتار ملزمان سے شہری سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور دونوں موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے، ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔