پاکستان دوسرا ٹی20 بھی ہار گیا سیریز بھی بنگلہ دیش کے حوالے کر دی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, July 2025 GMT
ڈھاکا — پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں پہلی بار تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے ٹی20 میچ میں میزبان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 8 رنز سے ہرا کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم 20 اوورز میں 133 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 125 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار 51 رنز بنا کر مزاحمت کی، لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر بیٹرز میں عباس آفریدی نے 19، احمد دانیال نے 17 اور خوشدل شاہ نے 13 رنز بنائے۔ صائم ایوب صرف ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان (8)، محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
بنگلہ دیش کی بولنگ میں شریف الاسلام نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ تنظیم حسن، مہدی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، بنگلہ دیش کے جاکر علی 55 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، مہدی حسن نے 33 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے ڈھاکہ میں ایئرفورس طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پاکستان کے لیے اعزاز بچانے کی کوشش ہوگا، جبکہ بنگلہ دیش مسلسل دوسری ٹی20 سیریز جیتنے کا عزم رکھتا ہے۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں اب تک دونوں ٹیمیں 23 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں 19 بار پاکستان جبکہ 4 بار بنگلہ دیش فاتح رہا ہے۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بنگلہ دیش
پڑھیں:
انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو بڑا دھچکا
بھارت کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گِل نے فاسٹ بولر آکاش دیپ کی گروئن انجری کے سبب اولڈ ٹریفرڈ میں شیڈول چوتھے ٹیسٹ میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہ ہونے کی تصدیق کر دی۔
انگلینڈ میں پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے موجود بھارتی ٹیم کو شدید انجری مسائل کا سامنا ہے۔ فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ مانچسٹر ٹیسٹ سے جبکہ نتیش کمار ریڈی پوری سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔
بدھ سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم منیجمنٹ کو تیسرے پیسر کے لیے پرسد کرشنا اور انشول کمبوج میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ پیسر انشول کمبوج کو ڈیبیو کرائے جانے کے قوی امکان ہے۔ تاہم، شاردل ٹھاکر کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے لارڈز ٹیسٹ میں فتح کے بعد انگلینڈ کو پانچ میچز کی اس سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل ہے۔