کلاؤڈ برسٹ سے جھیل سیف الملوک روڈ بند، 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, July 2025 GMT
NARAN:
خیبرپختونخوا کے علاقے ناران میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں جھیل سیف الملوک روڈ بند ہوگیا تاہم فوری اقدامات کرتے ہوئے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ناران میں کلاؤڈ برسٹ سے جھیل سیف الملوک روڈ بند ہونے پر وہاں موجود سیاح پھنس گئے تاہم خیبرپختونخوا کی انتظامیہ فوری کارروائی کی اور 500 سے زائد سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹورازم پولیس اور ریسکیو کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں سیاحوں کی 117 سے زائد جیپوں کے لیے راستہ بحال کردیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ محکمہ سیاحت صوبے میں سیاحوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے اور سیاح کسی بھی ایمرجنسی پر سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری نے راستے سے ملبہ ہٹا کر روڈ صاف کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مظفرگڑھ میں سیلاب سے اموات کی تعداد 9 ہو گئی
دریائے چناب کےحالیہ سیلاب میں ضلع مظفرگڑھ میں اب تک 9 ہلاکتوں کی تصدیق ریسکیو ٹیم کی جانب سے کی گئی ہے۔
مظفرگڑھ کی سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ تحصیل علی پور میں فوج، نیوی اور ریسکیو کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
مظفرگڑھ میں دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس سے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے۔
ریسکیو حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں 28 اگست سے 14 ستمبر تک 9 افراد سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے، جن کی لاشیں پانی سے نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
دوسری جانب ریلیف آپریشن میں شامل سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل علی پور میں تاحال کئی افراد لاپتہ ہیں اور سیلابی پانی کے اترنے کے بعد اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔