کراچی؛ ماڈل کالونی میں کی گئی کھدائی میں کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے ایک محنت کش جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 26th, July 2025 GMT
کراچی:
ماڈل کالونی کے علاقے ماڈل موڑ کے قریب کی گئی کھدائی میں کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے ایک محنت کش دب کر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور مٹی کے تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے محنت کش کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت 40 سالہ بشیر احمد کے نام سے کی گئی اور 35 سالہ وسیم کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او ماڈل کالونی انعام الہٰی نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر سے قبل لائنوں کی تبدیلی کا کام کیا جا رہا تھا اور اس حوالے سے کی جانے والی گہری کھدائی میں مزدور کام کر رہے تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ ان پر گر گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر سب سے زیادہ ای چالان جاری
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز ہو گئیں۔ صرف 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک پولیس نے مزید 5 ہزار 791 الیکٹرانک چالان جاری کیے، جس کے بعد گزشتہ چار دنوں میں مجموعی طور پر 18 ہزار 733 ای چالانز کا ہدف عبور کر لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بدھ کی شب 12 بجے سے جمعرات کی شب 12 بجے تک سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جن کی تعداد 3 ہزار 546 رہی۔ اس کے بعد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1 ہزار 555، ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی پر 325، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر 166 اور اوور اسپیڈنگ پر 65 چالان جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ کالے شیشے لگانے پر 40، نو پارکنگ پر 19، رانگ وے پر 13، اوور لوڈنگ پر 9 اور بے جا لوڈنگ پر 6 ڈرائیوروں کو چالان کیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ای چالان کا یہ نظام شہریوں میں قوانین کی پاسداری کو فروغ دینے اور سڑکوں پر مؤثر نگرانی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی تعاون سے اس نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور حادثات میں واضح کمی لائی جا سکے۔