پنجاب حکومت کا ایک اور احسن اقدام، سکول میل پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
پنجاب حکومت نے سکول میل پروگرام کے ابتدائی مرحلے کی کامیابی کے بعد اس کے دائرہ کار کو مزید اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بہاولنگر، بھکر، ڈیرہ غازی خان، لیہ، میانوالی اور مظفرگڑھ جیسے اضلاع کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔پروگرام کے تحت سکول کے بچوں کو روزانہ دودھ فراہم کیا جاتا ہے جس کا مقصد ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بہتر بنانا ہے، سکول میل پروگرام کو بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور تعلیم میں بہتری لانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پروگرام کی توسیع کے لیے 45 نئی آسامیوں پر افسران و ملازمین کی بھرتی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نئے اضلاع میں منصوبے کو مثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔حکام کے مطابق سکول میل پروگرام کے مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں جس کی بنیاد پر اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسکولوں میں بچوں کے موبائل استعمال کرنے پر پابندی کی قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی میں تمام پرائیویٹ اور پبلک اسکولز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگانے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد حکومتی رکن راحیلہ خادم حسین نے ایوان میں پیش کی، جس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی ذہنی و سماجی تربیت کی اولین ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے۔
قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ موجودہ دور میں موبائل اورسوشل میڈیا کی بدولت بچوں کے ذہن اور اخلاقی اقدار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، حکومت کو اس سماجی مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔
قرارداد میں لکھا گیا کہ پہلے قدم کے طور پر یہ ایوان یہ تجویز کرتا ہے کہ تمام پرائیویٹ اور پبلک سکولز میں طلباء کےموبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی جائے اور پھر سوشل میڈیا اکائونٹس سے متعلق بھی قانون سازی کی جائے۔