انجری کا شکار شاداب کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
کراچی:
انجری کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کے ایشیا کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ آل راؤنڈر تاحال کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں، انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ میں سرجری کروائی تھی۔
یہ وہی انجری ہے جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز اور دورہ ویسٹ انڈیز سے بھی باہر رہے تھے۔
میڈیکل ماہرین کے مطابق شاداب کو مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم تین ماہ درکار ہیں جس کے پیشِ نظر ان کی اکتوبر سے قبل واپسی ممکن نظر نہیں آتی۔
ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔
یہ ایونٹ آئندہ سال بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال شاداب خان کے نائب کپتان کے متبادل کا اعلان نہیں کیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز اور موجودہ ویسٹ انڈیز ٹور کے دوران کسی کھلاڑی کو باقاعدہ نائب کپتان نامزد نہیں کیا گیا جب کہ ان میچز میں سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، جب کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑا ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔
ایونٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جب کہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا جبکہ فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اگر پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچ گئیں تو ان کے درمیان دوسرا مقابلہ 21 ستمبر کو متوقع ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شاداب خان کی ری ہیب کے شیڈول پر تاحال کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایشیا کپ ستمبر کو کے خلاف
پڑھیں:
بھارتی ٹیم کو وزارت خارجہ سے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت مل گئی
کراچی:بھارتی ٹیم کو وزارت خارجہ سے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت مل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی ایشیا کرکٹ کپ شیڈول کا آخری مسودہ تیار کرنے میں مصروف ہے۔
پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور عمان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی۔
یو اے ای ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کے لیے مظبوط امیدوار ہے، ایشیا کپ کا حتمی شیڈول آئندہ 48 گھنٹوں میں جاری ہونے کا امکان ہے۔