کیپٹن محمد سرور کے یوم شہادت پر ایل او سی چکوٹھی میں پروقار تقریب
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کی یومِ شہادت کے موقع پر لائن آف کنٹرول چکوٹھی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کیپٹن سرور شہید گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چکوٹھی میں ہوئی جس میں عسکری حکام، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
مقررین نے شہید کی قربانی، جُرات اور قیادت کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے اُنہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
کیپٹن محمد سرور شہید پاک فوج کے پہلے شہید تھے جنہیں نشانِ حیدر کا اعزاز ملا اور آپ 27 جولائی 1948 کو تلپترا کے محاذ پر دشمن سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت کے لیے پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور اس وطن کی بنیادوں میں افواجِ پاکستان کا لہو شامل ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کیپٹن محمد سرور شہید کا 77 واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے
آئی ایس پی آر نے مسلح افواج کا کیپٹن سرور شہید کو ان کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر پانے والے پہلے ہیرو تھے۔
کیپٹن محمد سرور نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تلپترہ کے مقام پر مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
کیپٹن محمد سرور شہید نے بے مثال جرات، عسکری حکمتِ عملی اور بے لوث فرض شناسی کے ساتھ اپنی قیادت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی یہ عظیم قربانی جرات و حب الوطنی کی ایک دائمی علامت بن چکی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال میراث کو سلام پیش کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبۂ شجاعت آج بھی نوجوان افسروں اور سپاہیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
کیپٹن محمد سرور شہید کی زندگی فرض، عزت اور حتمی قربانی جیسے بنیادی عسکری اقدار کی عملی تصویر تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس پُرعقیدت موقع پر پوری قوم اس بہادر سپوت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال قربانی پاکستان کی مسلح افواج کے جذبۂ شہادت اور عسکری اقدار کی بنیاد بنی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج وطنِ عزیز کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج شہدائے وطن کی عظیم میراث سے طاقت حاصل کرتی رہیں گی جن میں کیپٹن محمد سرور شہید سرِفہرست ہیں۔