بازاروں سے چینی غائب، شہری خوار
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
اسلام آباد کی مارکیٹوں میں شہریوں کو چینی نہیں مل رہی جس کے باعث شہری چینی کی تلاش میں بازاروں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔اسلام آباد میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو ہے، منڈی سے چینی 178 سے 188 روپے مل رہی ہے، پرائس مجسٹریٹ کی گرفتاریوں سے تنگ آ چکے اب چینی نہیں رکھیں گے۔وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں میں چینی نہ ہونے پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور عوام کا کہنا ہے کہ جو ملک چینی کی پیداوار میں خودمختار ہو وہیں چینی نا ملے تو پھر دیگر چیزوں کا کیا کہیں؟چینی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملز نے حکومت سے 165 روپے ایکس مل پرائس کا معاہدہ کرکے چینی کی فراہمی روک دی ہے، چینی اسٹاک ختم ہونے لگا ہے تاہم شوگر ملز نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ سے چینی غائب ہونے اور چینی ایکسپورٹرز و ڈیلرز کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کے بعد حکومت نے چینی کا نیا بحران ٹالنے کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس آج بلوا لیا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر کی زیر صدارت اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا کہ عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کیسے کرایا جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
محکمۂ لائیو اسٹاک کے پی کی آڈٹ رپورٹ میں 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف
—فائل فوٹو
خیبر پختون خوا کے محکمۂ لائیو اسٹاک سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پشاور سے آڈٹ رپورٹ کے مطابق سرکاری گاڑیاں منصوبوں کے لیے خریدی گئی تھیں، 2007ء سے 2021ء تک لائیو اسٹاک پروجیکٹس کے لیے 200 سے زائد گاڑیاں خریدی گئی تھیں۔
دستاویز کے مطابق آڈٹ کے دوران 80 گاڑیوں کا ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا، محکمۂ ایکسائز کا کہنا ہے کہ 80 سے زائد گاڑیاں ڈی جی لائیو اسٹاک کے نام رجسٹرڈ ہیں، رجسٹریشن کے باوجود غائب گاڑیاں فیلڈ یا دفاتر میں موجود نہیں۔
آڈٹ رپورٹ میں محکمۂ لائیو اسٹاک کی گاڑیوں کا پتہ لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔
صوبائی وزیرِ لائیو اسٹاک فضل حکیم نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا ہے کہ گاڑیوں کی ریکوری کے لیے لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں، سیکریٹری لائیو اسٹاک کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔