اسلام آباد میں ’’گدھے کے گوشت‘‘ کی فروخت کا معاملہ، سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
اسلام آباد کے ریسٹورنٹس میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر میمز اور مزاحیہ تبصروں کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ برس قبل لاہور میں گدھے کا گوشت ہوٹلوں میں فروخت ہونے کی خبر نے پورے پاکستان میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ تب سے لے کر آج تک لاہور والے ’’گدھا گوشت پارٹی‘‘ کے طعنے سہتے آرہے ہیں۔ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ لاہور اس ’’اعزاز‘‘ میں تنہا نہیں رہا کیونکہ اسلام آباد بھی اسی فہرست میں شامل ہوچکا ہے!
تازہ ترین خبروں کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترنول میں فوڈ اتھارٹی نے 25 ٹن گدھے کا گوشت پکڑ لیا جو مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔ اس انکشاف نے عوام کو شدید حیران ہی نہیں بلکہ ششدر کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر عوام نے جہاں افسوس کا اظہار کیا، وہیں طنز و مزاح کا دروازہ بھی کھول دیا۔
گدھوں کے گوشت کی خبر پر ردعمل میں سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہے۔ کچھ دلچسپ تبصرے پڑھیے: ایک صارف نے لکھا ’’مبارک ہو، اب اسلام آباد بھی لاہور بن چکا ہے!‘‘، ایک اور کمنٹ میں کہا گیا ’’اب لاہور والوں کو کچھ مت کہنا، اسلام آباد نے بھی گدھا گوشت کھا لیا‘‘، جبکہ ایک تیسرے صارف نے شاندار ترکیب پیش کی کہ ’’اسلام آباد والوں کےلیے نئی ڈش: گدھا شنواری تیار کریں!‘‘
جب سے پاکستان میں اس غیر معمولی گوشت‘‘ کا کاروبار بے نقاب ہوا ہے، عوام ہوٹل اور ریسٹورنٹس کوشک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ لاہور کی طرح اب اسلام آباد بھی اس مذاق کا حصہ بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے تو یہاں تک کہنا شروع کردیا ہے کہ ’’ہوٹلوں میں نہ پوچھو کون سا گوشت ہے، پوچھو کہ کیا گوشت گدھے کا تو نہیں ہے؟‘‘
اس خبر نے جہاں لوگوں کو تشویش میں مبتلا کیا، وہیں طنز و مزاح کا نیا در کھول دیا ہے۔ عوام یہ سوال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ہوٹلوں میں دیسی کھانے کے ساتھ گوشت بھی دیسی ہے یا کسی اور نسل کا؟
اگر آپ اسلام آباد کے کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے جارہے ہیں، تو ہوسکتا ہے کہ آپ کی پلیٹ میں ’’خالص گدھا گوشت‘‘ ہو… یا پھر کم از کم سوشل میڈیا پر یہی سمجھا جائے!
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا پر اسلام آباد
پڑھیں:
گدھے کے گوشت سے متعلق ایک ہفتے قبل معلومات مل چکی تھیں، ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی اسلام آباد
اسلام آباد:ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیمز شہر بھر میں مضر صحت خوراک پر نظر رکھتی ہیں، گدھوں کے گوشت کے حوالے سے ہمارے پاس ایک ہفتہ پہلے سے معلومات موجود تھیں، ٹیمز کی جانب سے ایک ہفتے تک کام کیا گیا تاکہ ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا جاسکے۔
عرفان میمن نے کہا ہے کہ جب ہماری ٹیم وہاں پہنچی ایک ہزار کلو گرام کٹا ہوا گوشت اور 40 زندہ گدھے ملے، موقع پر موجود غیر ملکی قصائی اور چوکی دار کو گرفتار کر لیا گیا، گدھوں کے گوشت کے حوالے سے یہ کام گزشتہ دو ہفتے سے جاری تھا، اس سے پہلے کتنے گدھے ذبح ہوئے اور گوشت کہاں تقسیم ہوا یہ تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوشت کچھ غیر ملکی شہریوں کو سپلائی کرنے کے حوالے سے بھی رپورٹس ہیں، گوشت کی اسلام آباد سے باہر سپلائی کے حوالے سے بھی رپورٹس موجود ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی قسم کا ثبوت موجود نہیں کہ حتمی رائے دی جاسکے پولیس کی جانب سے معاملے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تمام ریسٹورنٹس کا سرپرائز وزٹس کے ذریعے انسپکشن کیا جاتا ہے، اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو دو سال میں اسلام آباد میں ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی ٹیمز کی جانب سے رات کی تاریکی میں بھی سرپرائز دورے کیے جاتے ہیں۔