سعودی عرب: ہیروئن سمگلنگ کے جرم میں پاکستانی شہری کو سزائے موت
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
ریاض: سعودی عرب میں ہیروئن سمگلنگ کے الزام میں ایک پاکستانی شہری کو مکہ مکرمہ میں موت کی سزا دے دی گئی ۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی شہری بختیار زیب کو مکہ مکرمہ میں منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔
وزارت کے مطابق مجرم نے مملکت میں ہیروئن سمگلنگ کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں اُسے عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا، مجرن نے سزائے موت کے خلاف سعودی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تاہم سعودی سپریم کورٹ نے بھی اس سزا کو برقرار رکھا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو آج اتوار کے روز مکہ مکرمہ میں موت کی سزا دی گئی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس قسم کے جرائم کے خلاف سعودی حکومت کی پالیسی بہت سخت ہے اور منشیات سمگلنگ کے مجرموں کے ساتھ سختی سے نمٹا جاتا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں منشیات کی سمگلنگ کے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے بچایا جا سکے۔
یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ اور اس جیسے جرائم کے خلاف قوانین کی سختی کو تسلیم کیا جاتا ہے اور ایسے مجرموں کے لئے انتہائی سخت سزائیں مقرر ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسمگلنگ کیخلاف آپریشن میں کروڑوں کی منشیات برآمد، خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار
ملک میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 مختلف مقامات سے 3 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ان تمام کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 245.56 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 2 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
مانسہرہ میں قراقرم ہائی وے روڈ پر ایک کالج کے قریب کارروائی کے دوران ایک شخص کے قبضے سے 700 گرام چرس برآمد کی گئی جب کہ جامشورو میں ایک یونیورسٹی کے قریب بس میں سوار مسافر سے 2 کلو آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
رنگ روڈ پشاور کے قریب 2 خواتین کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ جامشورو بس اسٹاپ پر ایک خاتون سے 3 کلو آئس ملی۔ آر سی ڈی روڈ حب پر ایک ٹرالر سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سیالکوٹ کے علاقے اوتھیان کے قریب ایک گاڑی سے 5 کلو آئس، 3.6 کلو افیون اور 3.6 کلو چرس پکڑی گئی۔ موٹر وے M-2 چکری انٹرچینج کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 142.740 کلو چرس اور 37.820 کلو افیون برآمد ہوئی، جہاں سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
مانسہرہ میں قراقرم ہائی وے پر ہی ایک اور کارروائی میں 12 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ شیخوپورہ کے پھولوں والا چوک کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار سے ایک کلو چرس اور 500 گرام افیون برآمد کی گئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔