پاکستانی اسکواش کھلاڑی مہوش علی پر چھ ماہ کی پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز کی سب سے بڑی بہن مہوش علی پر ایشین اسکواش فیڈریشن نے چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی۔ نامناسب رویے کے خلاف پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی تادیبی کاروائی کرے گی۔
بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مہوش علی پر شکست کے بعد حریف کھلاڑی کے خلاف نازیبا اشارہ کرنے کی پاداش میں پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنوبی کوریا میں منعقدہ 32ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 17 ایونٹ کے راؤنڈ 16 میں سیڈ5 ہانگ کانگ کی چانگ وائی لی کے خلاف شکست کے بعد مہوش علی نے نامناسب رویہ اپنایا تھا۔
مہوش علی نے حریف کھلاڑی کی طرف نازیبا اشارہ کرتے ہوئے اس سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
دریں اثنا موقف جاننے کے لیےمتعدد مرتبہ رابطے اور پیغامات چھوڑنے کے باوجود مہوش علی کے والد و کوچ عارف علی نے جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی مہوش علی کے خلاف تادیبی کاروائی کا عندیہ دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان کی ناک آؤٹ راؤنڈ میں رسائی
پاکستان نے عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے تیسرے لیگ میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے باوجود ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہر نیو قاہرہ میں جاری عالمی جونیئر اسکواش ٹیم چیمپین شپ کے گروپ ایف میں فرانس نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے دی۔
قبل ازیں پاکستان نے برازیل اور کویت کو مات دی تھی۔ فرانس کے خلاف مقابلے میں پاکستان کے عبداللہ نواز کو شکست ہوئی۔ تاہم، محمد عمیر عارف نے اپنا میچ جیت کر مقابلہ 1-1 کر دیا مگر انس علی شاہ بخاری اپنے حریف تھامس گارسیا سے ہار گئے۔
فرانس کے ہاتھوں ناکامی کے باوجود پاکستان پوائنٹس کی بنیاد پر گروپ میں سر فہرست ہوکر ناک آؤٹ مرحلہ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا۔