سرفراز بگٹی کا ریٹارڈ افسر کی دوبارہ تعیناتی کا نوٹس، انکوائری کے احکامات
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
صوبائی ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے اختیارات کے ممکنہ غلط استعمال اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کی گئی اور تقرری کی مکمل چھان بین کیلئے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو ہدایت جاری کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ریٹائرڈ افسر کی تقرری سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں اور عوامی تحفظات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مراد محمد مری نامی ریٹائرڈ افسر کو تحصیلدار کچلاک کے ساتھ ساتھ تحصیلدار سیٹلمنٹ آفس کوئٹہ کا اضافی چارج دیئے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ نے اختیارات کے ممکنہ غلط استعمال اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کی گئی اور تقرری کی مکمل چھان بین کے لئے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو ہدایت جاری کی ہے۔ انکوائری ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر رپورٹ تیار کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات کی روشنی میں بورڈ آف ریونیو بلوچستان نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مراد محمد مری کی تقرری سے متعلق 29 جولائی 2025 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ حکم نامہ کالعدم قرار دیا جا چکا ہے اور تمام متعلقہ اداروں و افسران کو اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔