UrduPoint:
2025-08-02@05:42:30 GMT
ارشد شریف قتل کیس: کینیا کی عدالت نے پولیس کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے دیا، جویریہ صدیق کا پاکستان میں انصاف کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
نیروبی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اگست2025ء) کینیا کی اپیل کورٹ نے معروف پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کیس میں اہم فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت میں ملوث کینیا کے پولیس افسران نے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کیا۔ عدالت نے آزاد پولیس نگرانی اتھارٹی (IPOA) کو حکم دیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر ارشد شریف کے اہل خانہ کو اپنی تحقیقات، سفارشات، اور ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوشن (DPP) کے ردعمل سے آگاہ کرے۔
(جاری ہے)
ارشد شریف کی بیوہ نے عدالتی فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا: "کینیا میں میرے شوہر کے قتل میں ملوث پولیس افسران کے خلاف عدالت نے واضح طور پر غیر قانونی عمل کا اعتراف کیا ہے، لیکن میں اب بھی پاکستان میں انصاف کی متلاشی ہوں، جہاں اس قتل کی سازش رچی گئی تھی۔ میری امید ہے کہ ارشد کے قتل میں ملوث تمام ذمہ داران کو کینیا اور پاکستان دونوں جگہوں پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔" یاد رہے کہ ارشد شریف کو اکتوبر 2022 میں کینیا میں اس وقت گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا جب وہ پاکستان میں جان کے خطرے کے باعث ملک چھوڑ کر جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ ان کے قتل کے بعد ملکی اور عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور اسے "سوچی سمجھی سازش" قرار دیا گیا تھا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ارشد شریف عدالت نے کے قتل
پڑھیں:
بچوں کی سمگلنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مریم نوازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ درحقیقت غلامی کی ہی ایک جدید شکل ہے، جس کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اس مکروہ دھندے کی سنگینی کو سمجھ سکیں، غیر قانونی ذرائع سے یورپ جاتے ہوئے کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد کا جاں بحق ہونا بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔مریم نواز شریف نے انسانی سمگلروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دولت کی ہوس میں معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے سے بھی گریز نہیں کرتے، بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔(جاری ہے)
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت بچوں کے استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی صورت میں انسانی سمگلنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو روزگار کے نام پر غیر قانونی راستوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے گریز کریں۔وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی سفر کیلئے جائز، قانونی اور محفوظ ذرائع اختیار کریں تاکہ کسی قسم کے خطرے سے بچا جا سکے۔مریم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ یقینی بنائے گی تاکہ ہر بچہ، ہر نوجوان اور ہر شہری ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکے۔